Baseerat Online News Portal

موسم میں تبدیلی کی ساتھ ڈاکٹروں کے یہاں مریضوں کی تعداد میں اضافہ،ڈاکٹر اختر سعید نے موسمی امراض سے حفاظت کے لئے بتائیں احتیاطی تدابیر

دیوبند،16؍ اکتوبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
اس وقت موسم تبدیل ہورہاہے ،دن میں گرمی ہورہی جبکہ رات میں ٹھنڈ ہونے لگی ہے، درجہ حرارت 18؍ ڈگر ی سیلسیس تک پہنچ چکاہے،جبکہ دن میں یہی درجہ حرارت بڑھ کر 38؍ ڈگری تک پہنچ رہاہے۔ موسم کا یہ بدلا مزاج اور لوگوں کی لاپرواہی امراض میں اضافہ کررہی ہے، یہی وجہ ہے کہ فزیشین کی اوپی ڈی میں کھانسی،سردی،وائرل بخار اور بی پی کے مریضوں میں اضافہ ہوگیاہے۔ دیوبند کے سرکاری ہسپتال سمیت پرائیویٹ ڈاکٹروں کے یہاں ان امراض کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیاہے۔ ضلع ہسپتال کے فزیشین ڈاکٹر انل کمار وہرا نے بتایا کہ بدلے موسم میں ٹھنڈی چیزیں کھانا اور پنکھے و اے سی کا غلط استعمال لوگوں کو بیمار کررہاہے۔انہوی نے بتایا کہ ان کی اوپی ڈی میں گزشتہ پندرہ روز میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہواہے۔ہر روز تقریباً دوسو مریض آرہے ہیں جن میں زیادہ تر کھانسی،بخار،وائرل فیور اوربی پی کے ہیں۔انہوں نے لوگوں کو صلاح دی کہ وہ لوگ کھانے پینے پرخاص توجہ دیں،طبیعت خراب کرنے والی چیزوں کو کھانے سے پرہیز کریں۔ واضح ہو کہ بیشک زیادہ تر لوگ ٹھیک ہونے کے لئے ایلوپیتھک دوائیوں پر یقین کرتے ہیں مگر گزشتہ کچھ سالوں میں ہومیو پیتھک ادویات کی جانب بھی رجحان بڑھاہے۔ہومیو پیتھک کے ماہر ڈاکٹر آر ایس تیاگی نے بتایا کہ گزشتہ دس سالوں میں لوگوں کاہومیو پیتھک دواؤں پر یقین میں اضافہ ہواہے، انہوںنے بتایاکہ بدلتے موسم میں بیماریوں میں اضافہ ہونا یقینی ہے،ایسے میں ان کے پاس بھی بڑی تعداد میں زکام اور وائرل بخار کے مریض آرہے ہیں۔جامعہ طبیہ دیوبند کے ایڈ منسٹر یٹر ڈاکٹر اختر سعید نے بتایاکہ سردیوںمیں شروعات میں کھانسی زکام اور بخار کا ہونا عام بات ہے ،انہوں نے بتایاکہ طب یونانی میں کسی بھی بیماری کی ایک نہیں بلکہ بہت سی دوائیاں ہوتی ہیں،بخار کی بھی تقریباً سیکڑوں طرح کی دوائیاں مگر مریضوں کے حساب سے دی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موسمی امراض کے بچنے کے لئے آئس کریم، کولڈنگ، پیسٹری اورفریج کا پانی پینے سے بچیں،اے سی کا استعمال بند کردیں اور کولر سے پانی نکال دیں، انہوں نے بتایاکہ رات کے وقت ٹھنڈ ہونے پر پنکھا کم کردیں اور پورے کپڑے پہن کر سوئیں، کھانسی زکام یا بخار ہونے پر اچھے ڈاکٹر سے رابطہ کریں ،کھانسی اورزکام ہونے پر گرم پانی کا استعمال شروع کریں،اپنے آس پاس صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

You might also like