Baseerat Online News Portal

بہار الیکشن: جناح کے معاملے پر بی جے پی پرکانگریس کا جوابی حملہ :وزیر اعظم مودی خاموش کیوں ہیں؟

پٹنہ ،17 ؍اکتوبر( بی این ایس )
بہار کی دارالحکومت پٹنہ میں پارٹی دفاتر اور میڈیا چینلز جناح کو اہم مسئلہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیر گیرراج سنگھ نے کانگریس پارٹی سے کچھ سوالات پوچھے تھے۔ اب ہفتہ کو کانگریس پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو براہ راست اس مسئلے پر گھیرنے کی کوشش کی۔ در اصل یہ تنازعہ بہار میں کانگریس کے جالے اسمبلی سیٹ سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طلباء یونین کے صدر مشکور احمد عثمانی کو امیدوار بنانے پر شروع ہواہے۔ بی جے پی نے اس کو ایشو بناکرکانگریس کو گھیرنا شروع کردیا۔ مرکزی وزیر گیراج سنگھ نے پوچھا کہ کیا کانگریس گاندھی کو چھوڑ کر جناح کا دامن تھام لیا ہے ؟ اس پر کانگریس پارٹی نے آج بی جے پی پر توجہ بھٹکانے کا الزام لگایا اور اس کے جواب میں بہت سے سوالات پوچھے۔کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ہفتے کے روز پٹنہ میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ سارا تنازعہ بی جے پی قائدین کی بہار انتخابات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمانی کا جناح کے نظریہ سے کبھی کوئی واسطہ نہیں تھا۔ یہ سراسر جھوٹے الزامات ہیں۔ سرجے والا نے دعوی کیا کہ جب عثمانی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلباء یونین کے صدر تھے، وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ان سے درخواست کی تھی کہ وہ نہ صرف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی بلکہ پارلیمنٹ اور بمبئی ہائی کورٹ سے بھی جناح کی تصویر ہٹائیں۔ آج تک وزیر اعظم نے اس خط کا نہ تو کوئی جواب دیا ہے اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی ہدایت دی ہے۔سرجے والا نے کہا کہ دراصل بی جے پی قائدین 10 لاکھ افراد کو ملازمت دینے سے گٹھ بندھن کو روکنا چاہتے ہیں، لہٰذا وہ لوگوں کو اصل مسئلے سے بھڑکا ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بہار کے کسانوں کو مکئی کی قیمت 750 روپے مل رہی ہے، جبکہ اس کی مارکیٹ کی قیمت زیادہ ہے۔ کسانوں کے پاس فروخت کا کوئی متبادل نہیں ہے۔سرجے والا نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے سابق صدر ایل کے اڈوانی جنہیں جناح کی تعریف کرنے کے لئے اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا، ان کو ایک زمانے میںبہار میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے پوچھا کہ بی جے پی یہ واضح کیوں نہیں کرتی کہ پٹھان کوٹ حملے کے بعد دہشت گردوں کو پناہ دینے والے آئی ایس آئی کو ہندوستان آنے کی دعوت کیوں دی گئی؟ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ مولانا مسعود اظہر کو کس حکومت نے رہا کیاتھا؟

You might also like