Baseerat Online News Portal

مہاگٹھ بندھن کا منشور جاری، نوجوانوں کی امتحان فیس معاف ، منریگا میں 200 دن کام دینے کا وعدہ

پٹنہ ،17 ؍اکتوبر(بی این ایس )
بہار انتخابات میں عظیم اتحاد نے ہفتہ کو اپنا عام منشور جاری کیا۔ اس کا نام دیا گیا ’ہمارا ارادہ تبدیلی کا ‘اس منشور میں بہار کے عوام کے سامنے 25 نکاتی مشترکہ پروگرام رکھا گیا ہے۔ پٹنہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اسے گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے جاری کیا۔ گرینڈ الائنس کے سی ایم تیجسوی یادو کے علاوہ کانگریس کے بہار انچارج شکتی سنگھ گوہل، ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا تقریب میں موجود تھے۔منشور میں 10 لاکھ مستقل ملازمتوں کی بروقت بحالی کا عمل پہلے کابینہ کے اجلاس میںشروع کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے نوجوانوں کوتمام سرکاری بحالی امتحانات کے لئے درخواست کی فیس کو معاف کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ منریگا کے تحت ہر خاندان کے بجائے ہر فرد کو 100 سے 200 دن فی سال کام دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ منریگا کی طرز پر ریاست کی روزگار اسکیم بنانے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔اس قرارداد میں مساوی کام کے لئے مساوی تنخواہ دینے کے وعدے کو ایک بار پھر دہرایا گیا ہے۔ نیز 2005 میںنافذ ہونے والی نئی پنشن اسکیم کو بند کرکے اس کی جگہ پر پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بدعنوانی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے تمام تھانوں اور بلاک دفاتر سے بدعنوانی کا خاتمہ ہوگا، لیکن اس کے خاتمے کے طریقہ کار کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ مہاگٹھ بندھن کے منشور میں اسمارٹ ولیج اسکیم کے تحت ہر پنچایت میں تسلیم شدہ ڈاکٹروں اور تربیت یافتہ نرسوں سمیت ایک کلینک کھولنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ زرعی اراضی تاوان کو بھی معاف کرنے کی بات کی گئی ہے۔

You might also like