Baseerat Online News Portal

آئی ایف سی ادبی فورم ریاض کے زیر اہتمام نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد

 

ریاض/بی این ایس

سعودی عرب کی معروف ادبی تنظیم انڈین فرینڈس سرکل ( آئی ایف سی ) ادبی فورم نے 20/ نومبر کو آن لائن زوم پر ایک شاندار نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد کیا ، جس کی صدارت درجنوں کتابوں کے مصنف اور بین الاقوامی نعت گو شاعر ڈاکٹر تابش مہدی نئی دہلی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض حسان عارفی نے انجام دیئے ۔ مسند اعزاز پر قطر سے عامر شکیب جلوہ افروز تھے جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ہندوستان سے رفیق آکولوی تخت نشیں تھے ۔
مشاعرے کا آغاز اسید اسماعیل کی خوبصورت تلاوت قرآن پاک سے ہوا اس کے بعد افتتاح کلمات پیش کرتے ہوئے ضیاء عرشی نے پہلے سبھی معزز مہمانان ، شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا پھر صدر محترم ، مہمان اعزازی اور مہمان خصوصی کا مختصر مگر جامع تعارف پیش کیا ۔ اس کے بعد ناظم مشاعرہ نے مائیک سنبھالا اور شعری سفر کا آغاز کر نے کے لئے اسماعیل روشن کو حمد پاک پڑھنے کی دعوت دی ۔ قارئین کے لئے منتخب اشعار پیش ہیں ۔

یوم الحساب تو ہی روشنؔ کی لاج رکھنا
محروم   رہ  نہ  جائے  کل  یہ  غلام تیرا
اسماعیل روشن (حمد)

ہندو ہو یا مسلماں ہو عیسائی ہو کہ سکھ
ہے خاص  و  عام کے لئے رحمت رسولؐ کی
قیوم یاور

یہ سورج چاند اور تاروں کا سنگم رحمتِ عالم
مقابل   آپ   کے   لگتا   ہے  مدھم  رحمتِ عالم
راشد محمود

سارے عالم کے مسیحا ہیں رسولِ عربیؐ
ہر  بحیرہ  کے  شناسا  ہیں رسولِ عربیؐ
اعجاز خان اعجاز

سدرہ    سے    ہو  کے   آ  گئے  آقائے  نامدار
ٹہری جہاں تھی اب بھی وہیں پر ہے کائنات
شمس بنارسی

رہبرِ  کُل  نے دکھائی  خلقَ کو راہِ  مبیں
سب سے آساں خُلد کا رستہ نظر آنے لگا
مسیح دکنی

ثنائے     سیدِ      ابرار    لکھنا چاہتا ہوں
نبیؐ کی شان میں اشعار لکھنا چاہتا ہوں
راز بنارسی

میں جو  بیٹھا نعت لکھنے کو شہِ ابرار کی
لگ گئی قرطاس پہ جیسے جھڑی انوار کی
ظفر فاروقی

بصد خلوص بصد احترام کہہ دینا
نسیمِ صبح نبیؐ کو سلام کہہ دینا
دانش ممتاز

جہان  نو  امن  کا پیاسا  تلاش میں ہے سکوں کہاں ہے
درود کی بارشیں جہاں ہیں وہیں پہ ابر سکوں اماں ہے
صغیر احمد

جاہ و حشمت مال و دولت سب خزانے مسترد
مل  گیا   مدنی   سہارا   سب   سہارے مسترد
ریاض تنہا

سفر  ہے  شہرِ  نبیؐ کا مشقتیں کیسی
لگن کو فاصلے کیسے مسافتیں کیسی
رضوان الہ آبادی

سلیقہ  تو   نہیں   لیکن   عقیدت  کھینچ لائی ہے
مجھے اس بزم میں اُنؐ کی محبت کھینچ لائی ہے
ندیم ظفر جیلانی

مرے  نبیؐ  کو  زمانہ امین کہتا ہے
نبیؐ باتوں پہ سب اعتبار کرتے ہیں
امتیاز احمد امتیاز

حرم سے حراء تک تری جستجو ہے
علق   سے  نصر  تک  تری گفتگو ہے
ضیاء عرشی

پیرویِ   مصطفےٰ  جس  پہ  گراں ہو جائے گی
تنگ  اس پہ  وسعتِ کون و مکاں ہو جائے گی
حسان عارفی

عمل  جو   آپؐ   کی    سنت   پہ   کر  لیا  ہوتا
حسابِ  حشر   کی  آفت   سے   بچ   گیا  ہوتا
اکرم علی

خوشبوئے پیار ہر طرف پھیلی، جسکا ہر نخل طلبگار ہوا
صبح  وہ  تھی  محمدِ عربیؐ کی افق پر طلوع ہونے کی
خورشید الحسن نیر

آپ کی عظمت و رفعت کا ہے شاہد قرآں
مستند آپ کا فرمان رسولِ عربیؐ
منصور قاسمی

چمن دین کا آپؐ  سے  ہے مزین
ہے توحید ہی ڈال ڈال اللہ اللہ
طاہر بلال

کیا دولت و زر سے ملے کیا دولت و زر سے
ہے قیمتی  شئے  حُبِ  نبیؐ  لعل  و گہر سے
مظفر نایاب

نعت گوئی کی مہم دل سے جو سر کرتے ہیں
پھر  جو  کرتے  ہیں  وہ  تنویرِ  ہنر کرتے ہیں
عامر شکیب عثمانی

محفلِ  نعتِ   نبیؐ  تم نے سجائی کیا کیا
رونقِ  شہرِ عرب تم نے بڑھائی کیا کیا
رفیق آکولوی

ہوتی ہے اگر سینے میں ایمان کی خوشبو
تا حدِ  گماں جاتی  ہے  انسان کی خوشبو
ڈاکٹر تابش مہدی

اخیر میں صدر محفل تابش مہدی نے کہا ” ہم نے جتنے آن لائن مشاعرے پڑھے ان میں سب سے اچھا یہ مشاعرہ رہا ، ادارہ ادب اسلامی ریاض دنیا کو متاثر کررہا ہے ، ریاض کے دوستوں نے اسے آگے بڑھایا اس کے لئے مبارکباد پیش کرتے ہیں ، نعتیہ مشاعرہ کرانا ایک طرح کی عبادت ہے ،تفریح نہیں ۔ یہی مشاعرے کبھی تربیت گاہ ہوا کرتے تھے “-
واضح رہے کہ اس مشاعرے میں چوبیس شعراء نے شرکت کر کے معیاری اور ادبی نعتیں پیش کیں ، جن کو ہند و پاک کے علاوہ دوسرے ممالک کے باذوق شائقین بھی سن رہے تھے ،دیکھ رہے تھے اور بھرپور داد سے نواز رہے تھے ۔ ناظم مشاعرہ کے شکریے کے ساتھ دیر رات یہ بابرکت محفل اختتام پذیر ہوئی ۔

 

You might also like