Baseerat Online News Portal

مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے گیارہویں جماعت و ڈپلوما انجینئرنگ کا داخلہ امتحان خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوا
علی گڑھ 22؍نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) میں تعلیمی سال 2020-21 کے لئے گیارہویں جماعت( سائنس) و ڈپلوما انجینئرنگ کا مشترکہ داخلہ امتحان اور گیارہویں جماعت(ہیومنیٹیز و کامرس)کا داخلہ امتحان آج اے ایم یو سمیت ملک میں مختلف مقامات پر بنائے گئے امتحانی مراکز پرخوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس دوران کووِڈ 19 کی وبا کے سلسلہ میں حکومت ہند کی رہنما ہدایات پر پوری طرح عمل کیا گیا۔
علی گڑھ کے علاوہ لکھنؤ، میرٹھ، بریلی ، کولکاتہ، پٹنہ، کشن گنج اور سری نگر میں مختلف مراکز پر داخلہ امتحان منعقد ہوا۔ پہلے میقات میں صبح دس بجے سے دوپہر بارہ بجے تک منعقدہ گیارہویں جماعت(سائنس) و ڈپلوما انجینئرنگ کے داخلہ امتحان میں 32239 درخواست دہندگان میں سے 18176؍ امیدوار شامل ہوئے۔
اے ایم یو پرو وائس چانسلر پروفیسر ظہیرالدین نے کنٹرولر امتحانات کے او ایس ڈی پروفیسر اعجاز مسعود اور پروفیسر فیصل حسن کے ہمراہ اے ایم یو کیمپس اور اس کے باہر واقع چنندہ امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانات کا جائزہ لیا۔ پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی نے بھی مراکز کا دورہ کیا۔
علی گڑھ اور باہر کے امتحانی مراکز پر سینئر اساتذہ کو مشاہد اور انچارج مقرر کیا گیا تھا۔ ضلع انتظامیہ نے بھی داخلہ امتحانات کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے ہر طرح کی مدد مہیا کرائی۔ امیدواروں کے سرپرستوں نے تعاون و رہنمائی کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔
٭٭٭٭٭٭
’کہانی پنجاب‘ کے 100ویں شمارہ کی تیسری جلد کا اجراء
علی گڑھ، 22؍نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جدید ہندوستانی زبانوں کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر کرانتی پال کی ادارت میں مؤقر ادبی مجلہ ’کہانی پنجاب‘ نے اپنے 100 ویں شمارہ کی تیسری جلد کی اشاعت کے ساتھ ہی ایک اور سنگ میل حاصل کرلیا ہے۔
اے ایم یو کے شعبۂ ترسیل عامہ کے سربراہ پروفیسر شافع قدوائی نے اس شمارہ کا اجراء کرتے ہوئے کہاکہ پنجابی زبان کا یہ رسالہ ادبی تنقید اور تخلیقات کے لئے خاص شہرت رکھتا ہے اور نئے ادبی موضوعات پنجابی زبان و ادب کے قارئین کے سامنے پیش کرتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ اس شمارہ میں ہندی، اردو اور یوروپی ادب کی درجنوں نثری تخلیقات کا پنجابی ترجمہ شامل ہے۔ اس میں ہنگری کے مشہور قلمکار نوبل انعام یافتہ اِمرے کیرتج کے ناول کا پنجابی ترجمہ بھی ہے۔
ڈاکٹر کرانتی پال نے کہاکہ اِمرے کی کہانی، وحشیانہ جبر کے خلاف فرد کے تجربات و احساسات کو اجاگر کرتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ’کہانی پنجاب‘ میں اصغر وجاہت کے پاکستانی سفرنامہ کا ترجمہ بھی شامل ہے جو پنجابی قارئین کو مشہور ہندی قلمکار، کہانی نویس، ڈرامہ نویس اور دستاویز فلموں کے پروڈیوسر کی تحریر سے متعارف کرتا ہے۔
اس شمارہ میں قرۃ العین حیدر، معین احسن جذبی، آل احمد سرور اور شہریار جیسے ادباء و شعراء کے انٹرویو شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دوستووسکی، بلراج ساہنی، انتظار حسین، گگن گِل، مہتری پشپا، جوگندر پال اور بپن چندر ا کے مکالموں پر مبنی ابواب بھی شامل ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے سائنسداں دنیا کے نامور سائنسدانوں کی فہرست میں شامل
علی گڑھ، 22؍نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے نباتیات شعبہ کے سربراہ پروفیسر نفیس احمد خاں کو پلانٹ اینڈ اینیمل سائنس میں ان کی خدمات کے لئے ویب آف سائنس گروپ کے کلیریویٹ اینالیٹکس کی جانب سے جاری ’سب سے زیادہ حوالہ جات والے ریسرچر ‘ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ ہندوستان کے اہم ترین محققین میں شامل ہیں جن کا حوالہ گزشتہ ایک دہائی میں مختلف تحقیقی و علمی مضامین میں دیا گیا ہے۔
پروفیسر خان کی تحقیقی دلچسپی خاص طور سے پودوں کی نمو میں ہارمونل اور غذائی نظام کے مطالعہ و تفہیم میں ہے۔ انھیں اٹھائیس سال کا تحقیق و تدریس کا تجربہ حاصل ہے۔ ان کے 161 سے زائد تحقیقی مقالے شائع ہوچکے ہیں۔

You might also like