Baseerat Online News Portal

جے پی نڈا دسمبر میں اتراکھنڈ سے کریں گے 120 روزہ ملک گیر دورے کاآغاز

نئی دہلی، 22 نومبر (بی این ایس )
بی جے پی نے اگلے لوک سبھا انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس کے پیش نظر پارٹی کے صدر جے پی نڈا دسمبر میں 120 روزہ ملک گیر دورے پر جائیں گے اور تنظیم کے کمزور روابط کو ٹھیک کریں گے۔ اتوار کے روز بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نڈا کا یہ دورہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں اتراکھنڈ سے شروع ہوگا۔ توقع ہے کہ نڈا 5 دسمبر سے اپنے دورے کا آغاز کریں گے۔ سنگھ نے کہاکہ اس دورے میں ہر بوتھ صدر اور بوتھ کمیٹیوں کے ساتھ ایک میٹنگ ہوگی، منڈل صدر اور منڈل کمیٹیوں کے ساتھ ایک میٹنگ ہوگی۔ قومی صدر اس اسکیم کے تحت بوتھ کمیٹیوں اور منڈل کیڈروں کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وہ پارٹی کے سینئر لیڈران اور ممبران اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کے علاوہ ضلعی سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی صدر پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے اور ان ریاستوں میں تنظیم کی حیثیت کا جائزہ لیں گے جہاں جلد اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ اس دوران وہ پارٹی کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال اور جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کا مقصد تنظیم کو مزید مضبوط اور ہر بوتھ یونٹ کو مزید تقویت پہنچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں جن پارلیمانی حلقوں میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ، نڈا ان علاقوں میں تنظیم کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ واضح رہے کہ 2021 کے پہلے 6 ماہ میں، مغربی بنگال، کیرالہ، تمل ناڈو اور آسام میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ 120 دن کے قیام کے پروگرام کے دوران نڈا تین دن بڑے شہروں میں اور دو دن چھوٹے شہروں میں گزاریں گے۔ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستیں اپنے ترقیاتی کاموں اور مرکزی حکومت کی اسکیموں کے نفاذ کے سلسلے میں اس عرصے کے دوران ایک پریزنٹیشن بھی پیش کریں گی۔ سنگھ نے کہا کہ نڈا اتحادی جماعتوں کے لیڈران سے بھی ملاقات کریں گے اور عوامی جلسوںاور پریس کانفرنسوں سے بھی خطاب کریں گے۔ نڈا سے قبل بی جے پی صدر امت شاہ نے بھی اپنے دور میں پورے ملک کا دورہ کیاتھا، انہیں ریاستوں میں پارٹی کو مضبوط بنانے کا سہرا بھی جاتا ہے جہاں بی جے پی کی پوزیشن کمزور تھی۔

You might also like