Baseerat Online News Portal

کانگریس میں تنائو: سلمان خورشید کادعویٰ،جو اندھا نہیں اسے دکھ رہا ہے، پارٹی میں قیادت کا کوئی بحران نہیں

نئی دہلی، 22 نومبر (بی این ایس )
بہار اسمبلی انتخابات میں ناقص کارکردگی کے بعد کانگریس کی اعلی قیادت پر تنقید کرنے والے کچھ لیڈران کے درمیان پارٹی کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے اتوار کے روز کہا کہ پارٹی میں قیادت کا کوئی بحران نہیں ہے اور سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے پارٹی میں تعاون کوہر وہ شخص دیکھ سکتاہے جو اندھا نہیں ہے۔ گاندھی کنبہ کے قریبی سمجھے جانے والے لیڈران میں سے ایک خورشید نے کہا کہ کانگریس کے خیالات رکھنے کے لئے مناسب پلیٹ فارم دستیاب ہیں اور پارٹی کے باہر خیالات کا اظہار کرنے سے اسے نقصان پہنچا ہے۔ بتادیں کہ پارٹی قیادت کو سینئر لیڈر کپل سبل اور کچھ دیگر لیڈران نے سرعام تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔خورشید نے انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ پارٹی قیادت میری بات سنتی ہے، مجھے موقع دیا گیا ہے، انہیں (میڈیا میں تنقید کرنے والے لوگوں) کو موقع دیا گیا ہے۔ یہ بات کہاں سے آئی کہ پارٹی قیادت سن ہی نہیں رہی ہے۔ جب بہار انتخابات میں کانگریس کی ناقص کارکردگی پر سبل اور ایک اور سینئر لیڈر پی چدمبرم کے تبصرے کے بارے میں پوچھا گیا تو خورشید نے کہا کہ وہ ان کی بات سے متفق نہیں ہیں، لیکن سوال کیا کہ اس کیلئے باہرجاکرمیڈیااور دنیا کو یہ بتانے کی کیا ضرورت ہے کہ ہمیں یہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے لیڈر کو دیکھیں اور کہیں کہ آپ لیبل (کانگریس صدر) کے بغیر اچھے نہیں لگ رہے ہیں۔ اس کے بعدلیڈر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے ان لوگوں کو نشانہ بنایا جنہوں نے سونیا گاندھی کے ایک سال سے زیادہ عرصے تک عبوری چیف رہنے پر تشویش کا اظہار کیا اور پوچھا کہ کس نے فیصلہ کیا ہے کہ عبوری چیف بننے کے لئے ایک سال بہت طویل عرصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نئے چیئرمین کے انتخاب کے عمل میں وقت لگ رہا ہے تو اس کے پیچھے کوئی معقول وجہ ہوگی۔

You might also like