سعودی عرب نے حوثی دہشتگردوں کے حملہ کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کوخط لکھا

آن لائن نیوزڈیسک
سعودی عرب نے جدہ فیول ٹینک پر حملے کے تناظرمیں دہشتگرد حوثیوں کے حملے بند کرانے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خط لکھاہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق جدہ فیول ٹینک پرحملے کے خلاف سعودی عرب کی جانب سےایران نواز حوثیوں کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے تحریری شکایت کردی گئی ۔
سعودی عرب کی جانب سے دائر کی جانے والی تحریری شکایت میں مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل حوثیوں کے دہشتگردانہ حملے بند کرائے ۔
سعودی عرب نے کہا کہ وہ اپنی سرزمین اور عوام کو حوثیوں کے دہشتگردانہ حملوں سے بچانے کےلیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت توانائی کے عہدیدارکی جانب سے پیرکی شب جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ شمالی جدہ کے پٹرول سٹیشن پر حوثیوں کے دہشتگردانہ حملے سے آگ بھڑک اٹھی جسے فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے ریکارڈ وقت میں بجھا دیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی فورم کے سیکریٹری جنرل جوزف میٹ مینگل نے جدہ فیول ٹینک پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کر دی ۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی جدہ کے فیول ٹینک پر دہشتگردانہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جبکہ کووڈ 19 کورونا وائرس کے منفی اثرات عالمی معیشت اور عالمی تیل منڈیوں کو اپنی گرفت میں لیے ہوئے ہیں اور پوری دنیا تیل منڈیوں کے استحکام کےلیے عالمی تعاون کو فروغ دے رہی ہے ۔