Baseerat Online News Portal

جنوبی ہند میں طوفانِ’نیوار‘ کی دستک: طوفان آنے سے پہلے ہی 90فیصد بھر چکے ڈیم سے پانی چھوڑ دیاگیا

چنئی 25؍نومبر ( بی این ایس )
سمندری گردابی طوفان ’’نیوار‘‘ کے آج شام تامل ناڈو اور پانڈیچری کے ساحل پر ٹکرانے کی توقع کی گئی ہے ، لیکن محکمہ موسمیات کے تازہ ترین بلیٹن کے مطابق طوفان نصف شب کو اور 26 نومبر کی صبح کے دوران کرائی کل ، مہابلی پورم اور پانڈیچری کے پاس سے ٹکرائے گا ۔ یہاں سے گزرتی ہوئی ہوائیں تقریباً 120-130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔البتہ چنئی کو 2015 کے سیلاب کا سبق یاد ہے ، چنانچہ 90فیصد بھرے ہوئے ڈیم’’چیمبرمباککم کو کھول دیا گیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں ڈیم سے 1000 کیوسک پانی چھوڑ دیا جائے گا۔ ڈیم سے پانی دریائے اڈیار میں چلا جائے گا ، لہذا دریا کے نشیبی علاقوں میں الرٹ دے دیا گیا ہے ۔دوسری طرف ، مرکزی آبی وسائل کی وزارت نے بھی ایک انتباہ جاری کیا ہے جس میں چنئی ہوائی اڈے پر محتاط رہنے کو کہا گیا ہے۔چنئی میں 2015 کے سیلاب کی سب سے بڑی وجہ یہ سمجھا جارہا ہے کہ چمبرمباککم ڈیم بغیر منصوبہ کے کھول دیا گیا تھا۔ لیکن حکام کہتے ہیں کہ اس بار پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔ ڈیم کی گنجائش 24 فٹ ہے ،جبکہ آج پانی کی سطح 22 فٹ تک پہنچی ہے۔ ڈیم سے پانی چھوڑنے کے بعد بھی ڈیم میں مزید گیارہ ہزار کیوسک بارش آنے کا امکان ہے ، جو اڈیارندی میں جاری ہوگا۔چنئی میونسپل نے اب تک 300 سے زیادہ افراد کو شہر کے 77 امدادی مراکز میں منتقل کیا ہے۔ 25 نومبر کی صبح 8 بجے تک چنئی میں 116 درختوں کے گرنے کی اطلاع ہے۔ انہیں ہٹایا جارہا ہے۔

You might also like