Baseerat Online News Portal

جمعیۃ علما ہندکے رکن عاملہ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل جناب شکیل احمد سید صاحب کا انتقال پر ملا ل جمعیۃ علما ہندکے لئے عظیم خسارہ ہے، مولانا ندیم صدیقی کا تعزیتی بیان

ممبئی:۲۵؍نومبر(پریس ریلیز)
یہ خبر انتہائی رنج و غم کے ساتھ دی جاتی ہے کہ جمعیۃ علما ہند کی مجلس عاملہ کے موقر رکن ،سینئراور تجربہ کار وکیل جناب الحاج شکیل احمد سید صاحب مختصر علالت کے بعد گذشتہ کل بتاریخ 24 ؍ نومبر 2020 کودہلی کے ویدانتا ہسپتال میں ہمیشہ ہمیش کے لئے اس دار فانی کو چھوڑ کر اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔انا للہ و انا الیہ راجعون۔مولائے کریم ان کی بال بال مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔جناب شکیل صاحب کی رحلت پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمدندیم صدیقی نے کہا کہ ان کا انتقال ملت اسلامیہ اور خاص طور پرجمعیۃ علما ہند کے لئے عظیم خسارہ ہے ،جمعیۃ علما ہند اپنے ایک ملنسار ،خوش طبع اور منکسرا لمزاج راہنما سے محروم ہو گئی ہے ،ان جیسا مخلص ، دیانتدار و دیندار اور اپنے میدان کا ماہر شخص بآسانی اور جلدی دستیاب ہونا مشکل ہے ۔
مرحوم شکیل احمد سید صاحب بابری مسجد، طلاق ثلثہ، نکاح ثانی اور فتوی پر پابندی جیسے اہم مسائل پر ملت اسلامیہ ہند کی سپریم کورٹ میں پیروی کرنےاور جمعیۃ علماء ہند کی ہر محاذ پر موثر اور کامیاب نمائندگی کرنے والے بے باک وکیل تھے۔ جمعیۃ علماءہند کے سابق صدر محترم ، امیر الہند ، فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعد مدنی نور اللہ مرقدہ کی نگاہ توجہ نے آپ کو ملی میدانوں میں مسلمانان ہند کا ترجمان اور وکیل بننے کا زریں موقع فراہم کیا جس کو ہر موقع پر آپ نے بڑی دیانت کے ساتھ نبھایا اور امور مفوضہ کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیا ، آپ حضرت فدائے ملت رحمہ اللہ کے زمانہ ہی سے بہ حیثیت قانونی مشیر جمعیۃ علماءکے تمام اہم پرو گراموں میں شریک رہتے اور مفید مشوروں سے نوازتے ، اب جمعیۃ علماء کی مجلسوں میں آپ کی غیر موجودگی کا احساس عرصہ تک کیا جاتا رہے گا ۔
مرحوم بے شمار خو بیوں اور خصوصیات کے حامل تھےنہایت وضع دار ، شریف النفس ، خوش مزاج ، نرم گفتار اور اعلی کردار کی حامل شخصیت کے مالک تھے ،وہ جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کے مؤقر رکن ، الجمعیۃ بکڈپو کے ذمہ دار اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ممبر بھی تھے ۔جمعیۃ علماہند کی ورکنگ کمیٹی میںان کی رائے اور مشورے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا ۔ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم مرحوم کے تمام پسماندگان کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں اور دعاء کرتے ہیں کہ مولائے کریم مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، پسماندگان اور متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔ صوبے بھر میں واقع جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی تمام یونٹوں کے عہدیداران و اراکین، ذمہ داران مدارس ائمہ مساجد سے اپیل ہے کہ مرحوم کے لئے دعاء مغفرت اورایصال ثواب کا اہتمام کریں۔

You might also like