Baseerat Online News Portal

دار العلوم امدادیہ کے صدر مولانا جنید بنارسی کا انتقال  دہلی کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی، ناظم اعلی نے دعائے مغفرت کی اپیل کی

دار العلوم امدادیہ کے صدر مولانا جنید بنارسی کا انتقال

دہلی کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی، ناظم اعلی نے دعائے مغفرت کی اپیل کی

ممبئی۔26/نومبر:

عروس البلاد ممبئی کی قدیم دینی و علمی دانشگاہ دارالعلوم امدادیہ کے صدر مولانا جنید بنارسی کا آج دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا ہے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مولانا مرحوم کچھ دنوں سے بیمار تھے، کورونا سے ری کور بھی ہوگئے تھے لیکن وقت اجل آ پہنچا تھا خدا کے پیارے ہوگئے۔ آپ بنارس کے ایک علمی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ شہر بنارس کے مشہور عالم دین مولانا محمد اسحاق علیہ الرحمہ کے صاحبزادے تھے۔ نماز جنازہ کل بعد نماز جمعہ جسولہ دہلی میں ادا کی جائے گی۔ مولانا جنید بنارسی صاحب ایک عالم دین ہونے کے ساتھ ممبئی کے مشہور تاجر تھے، ملی کاموں میں خاموشی کے ساتھ تعاون کرتے تھے،آپ متحدہ جمعیت علماء مہاراشٹر کے صدر بھی رہ چکے تھے، صاف گو اور سنجیدہ مزاج کے حامل تھے۔ ان کے انتقال کی خبر جیسے ہی سوشل میڈیا کے توسط سے وائرل ہوئی دارالعلوم امدادیہ کے طلبہ و اساتذہ سمیت دینی و علمی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مولانا مرحوم کے انتقال پر دارالعلوم امدادیہ کے ناظم اعلی حافظ عظیم الرحمان صاحب نے ان کے ساتھ اپنی طویل رفاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے آج ایک مخلص رفیق کھودیا ہے جو دارالعلوم امدادیہ کے بے لوث خادم تھے اپنی دیگر مصروفیات کے باوجود مدرسہ کی خیر خواہی کے لیے کوشاں رہتے تھے ان کے نزدیک ہمیشہ مدرسہ کا مفاد مقدم رہتا تھا اللہ تبارک و تعالی امدادیہ کو نعم البدل عطا فرمائے اور مولانا مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے۔ دارالعلوم امدادیہ کے نائب ناظم مولانا محمود دریابادی نے کہا کہ ان کا جانا ایک طرح سے میرا ذاتی نقصان بھی ہے، اس لئے تمام احباب سے خصوصی التجا ہے کہ مرحوم کو دعوات صالحات میں ہمیشہ یاد رکھیں۔ مولانا عبدالحمید نعمانی صاحب نے کہا کہ مولانا جنید بنارسی کے سانحہ ارتحال کی خبر بہت باعث رنج و غم ہے، اللہ ان کی مغفرت کرے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام دے۔ آپ بہت تعلقات نبھانے والے اور ضرورت مندوں کے کام آنے والے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں کورونا سے پہلے کئی بار تشریف لائے تھے، ملک کے موجودہ حالات سے بہت نالاں اور فکر مند تھے، اللہ رب العزت ان کے ساتھ کرم کا معاملہ کرے اور تمام پس ماندگان کو صبر جمیل دے، آمین۔ جمعیت علماء ضلع تھانہ کے ذمہ دار مولانا مفتی حذیفہ قاسمی بھیونڈی نے کہا کہ مولانا جنید بنارسی ہمارے حلقے کے ایک بہت ہی اہم آدمی تھے وقت موعود پہ سبکو جاناہے کوئی پہلے کوئی بعد۔ اللہ تعالی ملت کو انکا سچا جانشیں اور نعم البدل عطا فرمائے۔ انہوں نے تمام متعلقین وذمہ داران مدارس وائمہ کرام سے مولانا محروم کےلئے دعاء مغفرت وایصال ثواب کی درخواست بھی کی۔

You might also like