Baseerat Online News Portal

بہار الیکشن میں مجلس کی پانچ سیٹوں پر کامیابی کے بعد مجلس کی شاخیں بہار کے علاوہ ہر صوبے میں مضبوط ہو رہی ہیں! اخترالایمان

پٹنہ:۲۶؍نومبر(پریس ریلیز)

آج مورخہ ٢٦ نومبر ۲۰۲۰ء بروز جمعرات بعد نماز مغرب پٹنہ کے ہوٹل سِٹی سنٹر میں ایم آئی ایم کے بہار صدر اور رکنِ اسمبلی جناب اختر الایمان صاحب اور بہادر گنج سے ایم آئی ایم کے ایم ایل اے جناب انظار نعیمی صاحب کے ساتھ جناب رضوان ریاضی کی ایک خاص میٹنگ ہوئی اور بہار میں پارٹی کو مستحکم کرنے اور ہر طبقہ سے نئے ممبران کو پارٹی سے جوڑنے کے حوالے سے باتیں ہوئیں۔

میٹنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے جناب اختر الایمان صاحب نے کہا کہ بہار الیکشن میں مجلس کی پانچ سیٹوں پر کامیابی کے بعد مجلس کی شاخیں بہار کے علاوہ ہر صوبے میں مضبوط ہو رہی ہیں۔ ساتھ ہی ہر طبقہ کے خاص کر نوجوان مجلس کا ممبر بننے کے لیے کافی دلچسپی دکھلا رہے ہیں۔ لہذا دسمبر کے بعد ہم بہار کے علاوہ پورے ملک میں باضابطہ ممبرسازی کی تحریک چلائیں گے اور ذمے داریاں تقسیم کی جائیں گی۔

اس میٹنگ میں ایم آئی ایم کے سکٹا اسمبلی حلقہ کے امیدوار جناب رضوان ریاضی نے پارٹی کو بین الاقوامی سطح پر اور خاص طور پر عرب ممالک میں بھی متعارف کرانے پر زور دیا۔ انھوں نے مجلس کے ریاستی صدر اختر الایمان کے سامنے ایک ٹیم تشکیل دینے کی تجویز رکھی جو بین الاقوامی سطح پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر پائیدار کام کرے اور پارٹی پر لگے الزامات کو دور کر سکے۔ موجودہ انتخاب میں مختلف پارٹیوں کے ساتھ گرینڈ ڈیموکریٹک سیکولر فرنٹ کے نام سے الائنس کر کے مجلس نے جو سیاسی چھلانگ لگائی ہے اسے اگلے دنوں میں برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

اس مناسبت پر رضوان ریاضی نے بیرسٹر اسد الدین اویسی صاحب اور رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی صاحب کے ساتھ پوری ٹیم کو بہار کی زرخیز سرزمین چمپارن میں اتارنے کی بات بھی کہی تاکہ مجلس کے سپریمو کی آمد سے چمپارن کے ممبرانِ مجلس کی حوصلہ افزائی ہو۔

میٹنگ کے اختتام پر جناب ریاضی نے سعودی عرب کے سب سے بڑے بزنس مین اور الراجحی بینک کے بانی شیخ صالح بن عبد العزیز الراجحی کی حیات وخدمات پر لکھی ہوئی اپنی کتاب کو بطور تحفہ پیش کیا۔

اس میٹنگ میں جناب ریاض احمد آتش، جناب منظر کمال ندوی، حافظ ندیم سرور، محمد غفران، مدثر احمد اور محمد انتخاب وغیرہ شریک تھے۔

You might also like