Baseerat Online News Portal

جمعیۃ علماء مظفرنگر نے کیا کسانوں کا خیر مقدم

ارباب اقتدار بلاتاخیر کسانوں کے مطالبات کو پورا کرے: قاری ذاکر
دیوبند،یکم دسمبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
جمعیۃ علماء ضلع مظفر نگر کی جانب سے دہلی جانے والے کسانوں کا جمعیۃ علماء کے ضلعی دفتر (ہائیوے ) پرزور استقبال کیا گیا اورکسانوں کے درمیان کھانے کی اشیاء پھل،پانی کی بوتلیں تقسیم کی۔ اس موقع پر جمعتہ علماء مغربی اتر پردیش کے سکریٹری قاری ذاکر حسین نے کہا کہ کسانوں کے ذریعے اپنے حقوق کیلئے چلائی جا رہی مہم میں جمعیۃ علماء کسانوں کے ساتھ ہے آج ملک گیر سطح پر کسان یکجہ ہو کر زرعی قوانین کی مخالفت کر رہے ہیں جمعیۃ علماء کے کارکنان کے ذریعے کسانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے جگہ جگہ کسانوں کا استقبال اور کھانے پینے کا نظم کیا گیا ہے۔ قاری ذاکر حسین نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ اسی لئے جمعیۃ علماء ہند کسانوںپر ہوئے ظلم و زیادتی کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک کی امن و سلامتی کو باقی رکھنے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ملک کے مفاد میں سہی فیصلہ لیں، چند بڑے تاجروں کونفع پہنچانے کی وجہ سے ملک کے کسانوں کو برباد نہ کیا جائے ۔ انہو ںنے کہا کہ جمہوری ملک میں ہر طبقے کو جمہوری طریقے سے اپنی آواز حکومت تک پہنچانے کا حق ہے ، کسانو ںکو گرفتا ر کرکے یا انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنساکر ان کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ انہو ںنے کہا کہ وبا کے اس دور میں سخت سردی اور کھلے آسمان کے نیچے اپنا گھربار چھوڑ کر نکلے کسانوں پر ٹھنڈے پانی کی بوچھار کرنا غیرانسانی کارروائی ہے۔ ارباب اقتدار کو معلوم ہونا چاہئے کہ بزرگ اور معذور کسان بھی جس تحریک کا حصہ ہوں اس پر آنسو گیس کا استعمال کتنا خطرنا ک ثابت ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کسانو ںکے مطالبات ماننے میں ذرا بھی تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔اس موقع پر قاری محمد صادق، مولانا محمد ارشد نصیر پور،قاری عبدالماجد،قاری محمدعادل،مولانا محمدارشد جڑودہ،حافظ اکرام،عبدالکلام،احسان تیاگی محمد شاہ عالم،حاجی عمران،حافظ عبداللہ،محمد اصغر،قاری خلیل،قاری نفیس،انتظار رانا،وغیرہ حضرات شریک رہے۔

You might also like