Baseerat Online News Portal

امریکہ:الیکٹورل ووٹوں کی گنتی، واشنگٹن میں نیشنل گارڈ طلب

آن لائن نیوزڈیسک
صدر ٹرمپ کی حمایت میں منگل کے روز واشنگٹن میں کئی ریلیوں کے امکان کے پیش نظر امن و امان کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے وائٹ ہاؤس کے اطراف اور نیشنل مال کے بعض حضوں میں سڑکوں کو عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔
میڑو اسٹیشن کے اطراف میں پولیس اور ان کے ساتھ نیشنل گارڈز کے اہل کار تعینات کر دیے گئے ہیں جب کہ واشنگٹن ڈی سی کی میئر نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ احتجاجی مظاہروں سے دور رہیں۔
ٹرمپ کے حامیوں کا یہ احتجاجی مظاہرہ بدھ کو بھی جاری رہے گا۔ اس دوران کانگریس میں صدارتی انتخابات کے لئے ڈالے گئے الیکڑول ووٹوں کی گنتی کرنے کے بعد کامیاب امیدوار کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
مظاہروں میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے، جن میں پراوڈ بوایز نامی تنظیم کے عہدیدار بھی شامل ہوں گے، جنھوں نے ان مظاہروں میں شرکت کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ رات ان کے لیڈر کو واشنگٹن پہنچنے پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔
میئر موریل باوزر اور قائم مقام پولیس چیف روبرٹ کونٹی نے مظاہرین سے کہا ہے کہ وہ اپنے ساتھ آتشی اسلحہ لے کر نہ آئیں۔
میئر باوزر نے پیر کو نیوز کانفرنس سے میں کہا کہ ’’ ہم شہر میں تشدد یا لوگوں کو خوف زدہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے”۔
شہری انتظامیہ نے واشنگٹن بھر میں آتشیں اسلحہ سے متعلق شہری قوانین سے اگاہی کے لئے جگہ جگہ پوسٹر چسپاں کردئے ہیں۔
واشنگٹن میں نیشنل گارڈز آ گئے ہے اوروہ جمعرات تک شہر میں موجود رہیں گے اور امن و امان کے سلسلے میں پولیس کی مدد کریں گے۔
خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈی سی کی میئر باوزر نے سال نو کے موقع پر نیشنل گارڈز سے درخواست کی تھی کہ وہ منگل سے جمعرات تک شہر میں ہونے والے احتجاج کے دوران پولیس کی مدد کریں۔
اے پی کے مطابق گزشتہ ماہ دسمبر کے اوائل میں مظاہرے کے دوران شہر میں پراوڈ بوایز کا تصادم ہو چکا ہے۔ اس گروپ نے کہا ہے کہ وہ الیکڑول ووٹوں کی گنتی کے دوران منگل اور بدھ کو اور بیس جنوری کو بھی شہر میں موجود رہیں گے۔
میئر باوزر نے مظاہروں کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے شہر میں کرفیو کے نفاذ کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جس کا فیصلہ صورت حال کے مطابق کیا جائے گا۔
واشنگٹن ڈی سی کے اٹارنی جنرل کارل ایسپین نے کہا ہے کہ میڑو پولیس اور میئر کے تعاون سے اٹارنی جنرل کا دفتر مظاہرین کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ضلعی قوانین کو توڑنے والوں کو جوابدہ بنانے کے لئے اپنے تمام اختیارات استعمال کیے جائیں گے۔

You might also like