Baseerat Online News Portal

سعودی عرب:درجہ حرارت چیک کرانے سے انکار پر بے دخلی اور بلیک لسٹ

آن لائن نیوزڈیسک
سعودی وزارت داخلہ نے نئے کورونا وائرس سے بچاؤ اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے ایس او پیز کی پابندی کو ایک بار پھر ناگزیر قراردیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ وزارتوں، محکموں، سرکاری اداروں اور نجی اداروں میں داخل ہوتے وقت درجہ حرارت چیک کرانے سے انکار قابل سزا خلاف ورزی ہے۔ سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنا بھی قابل سزا عمل ہے۔
وزارت داخلہ نے ہدایت کی کہ پہلی بار درجہ حرارت کی جانچ سے انکار یا سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ خلاف ورزی دہرانے پر جرمانہ دگنا کردیا جائے گا۔
وزارت داخلہ نے تنبیہ کی کہ اگر درجہ حرارت کی جانچ سے انکار کرنے والا سعودی عرب میں مقیم غیرملکی ہوا تو اسے سزا کاٹنے کے بعد سعودی عرب سے بے دخل اور بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔
وزارت داخلہ نے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص کسی بھی جگہ حد سے زیادہ افراد کا اجتماع دیکھے تو پہلی فرصت میں 999 پر رابطہ کرکے اطلاع دے- یہ ٹول فری نمبر ہے۔
وزارت داخلہ نے مزید کہاہ سب لوگ اپنی صحت وسلامتی کی خاطر ضروری فاصلے کی پابندی کریں۔ کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے کسی بھی ادارے میں داخلے کے وقت درجہ حرارت کی جانچ کرائیں۔

You might also like