Baseerat Online News Portal

سمری میں وارڈ رکن کو ماری گولی، حالت نازک، پی ایم سی ایچ ریفر، مکھیا سمیت 2 گرفتار  ملزم ٹیچرکے گھر سے پستول برآمد، نل ۔جل منصوبہ  سے جڑاتنازع ،زخمی کو اسپتال پہنچانے میں استعمال اسکارپیو گاڑی ضبط، ڈرائیور بھی حراست میں

 

 

رفیع ساگر /بی این ایس

جالے۔ سمری تھانہ کے سمری پنچایت کے وارڈ نمبر 12 کےممبر گنیش ساہ کو ایک پارٹی کے دوران گولی ماری گئی ہے جس میں وہ شدید طور پر زخمی بتایا گیا ہے۔گولی اس کے پیٹ میں لگی ہوئی ہے جس کو نازک حالت قرار دیکر دربھنگہ میڈیکل کالج اسپتال سے پی ایم سی ایچ ریفر کردیا گیا ہے۔پولیس نے اس معاملے میں فوری کارروائی کرکے پنچایت کے مکھیا وشووناتھ پاسوان عرف بھولا پاسوان اور ملور یادو کو گرفتار کرلیا ہے ۔کلیدی ملزم ببن یادو اور لال بابو ساہ سمیت دیگر کی تلاش میں چھاپہ ماری کی جارہی ہے۔ الزام ہے کہ مقامی باشندہ و جالے بلاک کے اہیاری مڈل اسکول میں پوسٹیڈ ٹیچر ببن یادو نے پستول سے فائرنگ کی تھی جس کی گولی وہاں موجود وارڈ ممبر گنیش ساہ کے پیٹ میں لگی ۔شدید طور پر زخمی ہونے کے بعد اسے آنا فانا میں ڈی ایم سی ایچ بھیجا گیا۔ایس ایس پی بابو رام نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رات میں پارٹی چل رہی تھی جس میں مکھیا سمیت 8 افراد شریک تھے۔اسی دوران ببن یادو کے ہاتھ سے فائرنگ ہوئی جس میں 1 شخص گولی لگنے سے زخمی ہوگئے جن کا علاج چل رہا ہے۔اس معاملہ میں 3 افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے دیگر فرار لوگوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ ماری جاری ہے اور پورے معاملے کی گہرائی سے جانچ کی جارہی ہے۔پولیس نے تحقیقات کے دوران ماسٹر ببن یادو کے گھر کے پاس بھوسا گھر سے پستول برآمد کر لیا ہے جس کی گولی سے وارڈ ممبر کے زخمی ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔جس اسکارپیو نمبر جے ایچ06 ای 8633 سے زخمی وارڈ ممبر کو اسپتال پہنچایا گیا تھا اس کو ضبط کر ڈرائیور انیل یادو گوپی ولد رام کشور یادو کو حراست میں لیکر پولیس پوچھ گچھ کررہی ہے۔ گرفتار اسکارپیو ڈرائیور بھی سمری کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا بدھ کی رات ٹیچر ببن یادو کے بھوئیاں استھان واقع مکان پر وارڈ نمبر 12 کے ممبر کو مکھیا کی موجودگی میں بلایا گیا تھا۔ الزام ہے کہ وہاں پارٹی چل رہی تھی تبھی موجود وارڈ ممبر گنیش ساہ پر دونوں نے نل ۔جل منصوبہ پر کام کے لئے دباو بنایا تھا۔اس سے انکار کے بعد وہاں فائرنگ ہوئی جس کی گولی وارڈ ممبر کو لگنے کے بعد افراتفری مچ گئی۔ آنا فانا میں حملہ میں شامل لوگ زخمی گنیش کو علاج کےلئے ڈی ایم سی ایچ لے گئے لیکن وہاں سے انہیں تشویشناک حالت میں پٹنہ ریفر کردیا گیا۔ اس ضمن میں سمری تھانہ میں دفعات 341،323،324،307 اور 27 آرمس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر 21/12 درج کر لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی جانچ میں نل جل منصوبہ سے جڑا تنازع سامنے آیا ہے۔ پولیس ضبط گاڑی کی تصدیق کررہی ہے۔

 

 

You might also like