Baseerat Online News Portal

مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی اپنے والد مولانا اسامہ ؒکے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مصروف عمل

جمعیۃ علماء کانپورکے زیر اہتمام لحاف و کمبل تقسیم، مجلس تحفظ ختم نبوت ؐ کانپورکی جانب سے مسوانپور میں تربیتی کیمپ کل
کانپور:۸؍جنوری(پریس ریلیز)جمعیۃ علماء اترپردیش کے سابق صدر و قاضی شہر کانپور مجاہد اسلام حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی ؒ کی دنیا سے رخصتی کے بعد ان کے صاحبزادے مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چل کر ان کے خوابوں کو شرمندہئ تعبیر کرتے ہوئے جامع مسجد اشرف آباد جاجمؤ کی امامت کے ساتھ ساتھ جمعیۃ علماء کانپور، مجلس تحفظ ختم نبوتؐ کانپورکی جو اہم ذمہ داریاں سونپی گئیں انہیں بخوبی انجام دینے میں مسلسل مصروف عمل ہیں۔ مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی جہاں ایک طرف نبیؐ،صحابہ،ؓ اولیاء اللہ اور بزرگان دین کی تعلیمات کی روشنی اور والد محترم مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ کے طریقے و حکمت کے مطابق شہر و اطراف شہر میں جمعیۃ علماء کانپور کی جانب سے سیکڑوں غریبوں،مسکینوں، یتیموں، بیواؤں،ضرورتمندوں کی ضرورتوں کا خیال رکھتے ہوئے انہیں گرم کپڑے، لحاف و کمبل تقسیم کر رہے ہیں، ان کیلئے راشن اور غلہ کا سامان مہیاکرارہے ہیں۔ وہیں دوسری جانب مجلس تحفظ ختم نبوتؐکانپور کے پلیٹ فارم سے اپنی طاقت بھر شہر کانپور و اطراف میں باطل فرقوں کی سرکوبی کا کام بھی بخوبی انجام دے کر ہزاروں مسلمانوں کا ایمان برباد ہونے سے بچا نے کی کوشش کررہے ہیں۔
جمعیۃ علماء شہر کانپور کی جانب سے چھٹے مرحلے میں محلہ پرانا سلاٹر ہاؤس میں مسجد بلال کے قریب تقریب تقسیم لحاف و کمبل منعقد کرکے مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کے ذریعہ قاضی شریعت مولانا محمد انعام اللہ قاسمی سمیت دیگرعلماء کی موجودگی میں سیکڑوں غریبوں، بیواؤں اور ضرورتمندوں کو لحاف و کمبل تقسیم کیاگیا۔ اس موقع پر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کہا کہ اللہ کے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کا اہم پہلو خدمت خلق ہے۔ بلا تفریق مذہب یتیموں،مسکینوں، بیواؤں، مریضوں اور کمزوروں کی خبر گیری اور ان کے ساتھ ہمدردی،حسن سلوک اور ان کی مدد اسلام کا اہم شعبہ ہے۔ حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اولیاء اللہ وبزرگان دین نے اس لائن سے شاندار نمونہ چھوڑا ہے، اس نمونہ سے رہنمائی لیکر اسلام کے سچے نمائندہ بن کر ہرکمزور کے کام آنے والے بنیں۔ ہم کو چاہئے کہ ہم اپنے مالک کو خوش کریں، رب کریم اپنی مخلوق سے محبت اور ان کی خدمت کرنے والوں سے بہت خوش ہوتے ہیں۔
اس موقع پر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ اس وقت قادیانی فتنہ اور پرویزی فتنہ بہت بڑھ گیا ہے، اطراف سے نکل کر شہر کے قلب تک پہنچ چکا ہے، حتی کہ کاکا دیو، مومن نگر کے علاقے میں باقاعدہ اپنا مرکز بنا رکھا ہے۔پرویزی حدیثوں کا انکار کرتے ہیں اور قادیانی حضورﷺ کی ختم نبوت کے منکر ہیں۔ اب تازہ ایک نیا فتنہ شکیلیت بھی سرگرم ہو گیا ہے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ان کا شکار ہو رہے ہیں۔جبکہ حقیقت یہ ہے کہ حضور رحمۃ للعالمین، خاتم النبیین حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت اور ختم نبوت اسلام کا اساسی و بنیادی عقیدہ ہے، اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرامین و فرمودات یعنی احادیث مبارکہ حجت شرعیہ ہیں، اگر کوئی شخص حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کو نبی تو مانے لیکن آخری نبی نہ مانے یا آپؐ کی احادیث کو حجت نہ مانے تو وہ مسلمان نہیں۔ایسی خطرناک صورتحال میں علماء کرام،ائمہ مساجد کے ساتھ عوام الناس کے ایک ایک فرد کو بیدار ہو جانے جاگ جانے اور اپنے اور اپنے اہل خانہ اور بچوں و بچیوں کے ایمان کی حفاظت اہم ترین فریضہ ہے۔ اس میں غفلت برتی تو آخرت میں جواب دینا پڑے گا۔ اسی ضرورت کے پیش نظر عقیدہ ختم نبوتؐ کی اہمیت اور نبیﷺ کی احادیث مبارکہ کے حجت ہونے اور قادیانی، منکرین حدیث اور اپنے کو امام مہدی ہونے کا دعویٰ کرنے والا شکیل ابن حنیف کے فتنہ سے واقف کرانے اور اپنی دینی ذمہ داری پر متوجہ کرنے اور اس کے طریقے کو جاننے کیلئے جمعیۃ علماء شہر، مجلس تحفظ ختم نبوت اور جمعیت اہل سنت والجماعت کانپور کی جانب سے کل مورخہ10/ جنوری 2021ء بروز اتوار صبح8/بجے سے ظہر تک بمقام مسجد نور مسوانپور، کاکادیو کانپورمیں شہر کانپورخصوصاً علاقہ کاکادیو، روشن نگر مومن نگر کے علماء، ائمہ و حفاظ کا ایک روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیا جارہا ہے۔ جس میں تربیت کیلئے ان فتنوں سے واقف کار علماء و ماہرین تشریف لارہے ہیں۔جن کے اس موضوع پر خصوصی خطابات ہوں گے اور ارتدادی سرگرمیوں میں متحرک لوگوں کے طریقہ تبلیغ و مغالطات سے واقف کراکر اس کے سد باب کے لئے معلومات و مواد فراہم کیا جائے گا۔ جن کا جاننا اہل علم کیلئے نہایت ضروری ہے۔ مولانا نے شرکت کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ کاکادیو، روشن نگر، مومن نگر کے متعدد علماء و ائمہ مساجد کو دعوتنامے ارسال کئے جا چکے ہیں، اگر کسی وجہ سے مذکورہ علاقہ کے علماء و ائمہ مساجد کے پاس دعوتنامہ نہیں موصول ہو سکا ہو تو میڈیا اور اخبار کے ذریعہ سے موصول ہو رہی خبر کو ہی اپنے لئے دعوتنامہ سمجھ کراس تربیتی کیمپ میں صبح 8بجے سے ظہر تک مکمل وقت کے ساتھ ضرور شرکت فرمائیں۔
محلہ پرانا سلاٹر ہاؤس میں منعقدہ تقریب تقسیم لحاف و کمبل میں مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کے ساتھ محکمہ شرعیہ و دار القضاء کانپور کے قاضی شریعت مولانا محمد انعام اللہ قاسمی، قاری عبد المعید چودھری،مولانا محمد طارق ندوی، مولانا قناعت اللہ مظاہری، مولانا محمد ضمیر ندوی، مولانا محمد اعجاز ندوی، مولانا محمد امیر حمزہ قاسمی، عبد الرحمن کے علاوہ دیگر لوگ موجود رہے۔

You might also like