Baseerat Online News Portal

شیخ الہند ؒ کے یوم وفات پر مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد

اللہ کی مخلوق کی دیکھ بھال کرنا ہمارا دینی اور ملّی فریضہ ہے: ڈاکٹر انور سعید
دیوبند:8؍ جنوری(سمیر چودھری؍بی این ایس)
شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندی ؒ کی یومِ وفات کی ایک صدی مکمل ہونے پر اُن کی علمی، سیاسی، سماجی خدمات کے اعتراف میں شیخ الہند چیریٹیبل ٹرسٹ کے تحت المحمود چیریٹیبل کلینک کے افتتاح کے موقع پر جامعہ طبیہ اور جامعہ ریمیڈیز دیوبندکی جانب سے ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا افتتاح جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید کے ہاتھوں عمل میں آیا۔اس موقع پرڈاکٹر انور سعید نے کہا کہ حضرت شیخ الہند کے نام سے منسوب اس کلینک کا قیام ایک خوش آئند قدم ہے۔ انہوںنے کہا کہ اللہ کی مخلوق کی دیکھ بھال اور تیمارداری کرنا ہمارا دینی اور ملّی فریضہ ہے۔ مجھے اس بات خوشی اورمسرت محسوس ہورہی ہے کہ شیخ الہند چیریٹیبل ٹرسٹ کے ذریعے ایک ایسے امدادی شفاخانے کا افتتاح ہورہا ہے جس کا مقصد غریب اور مفلس مریضوں کو فیض پہنچانا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند کا مقصد بھی ہمیشہ یہی رہا ہے کہ غریب اور بے سہارا لوگوں کی زیادہ سے زیادہ مدد اور تعاون کیا جائے۔ ماہنامہ ترجمان دیوبند کے مدیر اعلیٰ مولانا ندیم الواجدی نے کلینک کے منتظمین نصر الٰہی اور مولانا زبیر مدنی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم قابل تحسین ہے۔ یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے منتظمین شفاخانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس گئے گزرے دور میں بھی ملت کے اندر ایسے افراد موجود ہیں جو انسانیت کے اس درد کو صرف پہچانتے ہی نہیں بلکہ اس کا مداوا کرنے کے لئے بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی کے رکن قاری ابوالحسن اعظمی، دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث مفتی محمد عارف قاسمی نے اس کار خیر کے لئے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ کلینک کے منتظمین حافظ نصر الٰہی اور مولانا زبیر مدنی نے مشترکہ طور پر کہا کہ شیخ الہند چیرٹیبل ٹرسٹ کا مقصد مختلف عنوانات سے غریب اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ اسی تناظر میں المحمود چیریٹیبل کلینک کا قیام عمل میں آیا ہے۔ کیمپ میں سیکڑوں مریضوں کی خون کی جانچ، فیزیوں تھیریپی کی گئی اور مفت دوائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ کیمپ میں جامعہ طیبہ دیوبند کے ڈاکٹر محمد اعظم، ڈاکٹر آمنہ، منوج، ثنا اور حنا نے اپنا تعاون پیش کیا۔ اس موقع پر مسلم فنڈ ٹرسٹ کے منیجر سہیل صدیقی، جامعہ طبیہ کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید، دارالعلوم دیوبند کے استاذ قاری فوزان، دارالعلوم دیوبند کے شعبۂ کمپیوٹر کے استاذ مولانا عبدالسلام قاسمی، حاجی انس صدیقی، ہاشمی روحانی مرکز کے منیجر ربیع ہاشمی، معروف قلم کار سید وجاہت شاہ، ڈاکٹر احسن سہیل، ماسٹر شمیم کرتپوری، عمر الٰہی، انوار الٰہی، انظار الٰہی،مولانا عثمان غنی، فرحان الحق، قاری محمد عاصم، رضوان سلمانی عمیر الٰہی وغیرہ موجود رہے۔

You might also like