Baseerat Online News Portal

پہلے وزیر اعظم مودی لگوائیں کورونا ویکسین کا ٹیکہ، پھر ہم لگوائیںگے : تیج پرتاپ

نئی دہلی،08؍جنوری (بی این ایس )
کورونا ویکسین پرسیاست جاری ہے۔ اب راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور سابق وزیر تیج پرتاپ یادو نے مطالبہ کیا کہ پہلے کورونا ویکسین کا ٹیکہ وزیر اعظم نریندر مودی خود لگوائیں ، اس کے بعد ہم ٹیکہ لگوائیںگے ۔ اس سے قبل سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رہنما اکھلیش یادو اور کانگریس کے بہت سے رہنما ویکسین پر سوال اٹھا چکے ہیں۔ایس پی صدر اکھلیش یادو نے کہا تھا کہ یہ ویکسین بی جے پی کی ہے اور میں اسے نہیں لگوائوں گا کیونکہ مجھے بی جے پی پر اعتماد نہیں ہے۔ اکھلیش نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے پوچھا کہ جو حکومت تالیاں اور تھالیاں بجوارہی تھی وہ ویکسینیشن کے لیے اتنی بڑی چین کیوں بنوا رہی ہے۔ تالی اور تھالی سے ہی کورونا کو بھگادیں۔اور سابق مرکزی وزیر جے رام رمیش نے ٹویٹ کیا تھا کہ ہندوستان بائیوٹیک پہلی درجے کی کمپنی ہے ، لیکن حیرت کی بات ہے کہ اس کی ویکسین ویکسینیشن کے لیے فیز 3 کے ٹرائل سے متعلق بین الاقوامی سطح پر پروٹوکول پر نظر ثانی کی جارہی ہے۔ وزیر صحت ہرش وردھن کو صورتحال واضح کرنا چاہئے۔

You might also like