Baseerat Online News Portal

مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

انتخابی ضابطوں میں ترمیم کے سلسلہ میں وائس چانسلر نے 31؍جنوری تک مشورے طلب کئے
علی گڑھ، 9؍ جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے عطیہ دہندگان کے زمرہ سے یونیورسٹی کورٹ کے دس اراکین کے انتخاب کے سلسلہ میں متعلقہ افراد سے ان کے مشورے، تجاویز، ردّ عمل اور آراء کے حصول کے لئے آخری تاریخ بڑھاکر 31؍جنوری 2021ء کردی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں سے مشورے حاصل کئے جاسکیں۔ مذکورہ انتخاب کرانے کے لئے اکتوبر 2020 ء میں وائس چانسلر کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی اور لوگوں سے تجاویز اور مشورے طلب کئے گئے تھے۔
اے ایم یو رجسٹرار مسٹر عبدالحمید کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق اے ایم یو کے عطیہ دہنگان ملک و بیرون ملک مختلف خطو ں میں موجود ہیں اور انتخاب کے لئے مختلف آن لائن پلیٹ فارم دستیاب ہیں، چنانچہ ضرورت اس بات کی ہے کہ انتخاب کے موجودہ ضابطوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ان میں ترمیم و تبدیلی کی جائے۔ لوگوں کی رائے اور تجاویز موصول ہونے کے بعد حسب ضرورت ضابطوں میں تبدیلی کی جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ جدید تقاضوں کے اعتبار سے انتخابی ضابطوں میں ترمیم سے انتخابی عمل زیادہ آسان اور شفاف ہوجائے گا۔ مشورے بذریعہ ڈاک رجسٹرار ، اے ایم یو کے نام اور بذریعہ ای میل [email protected] پر ارسال کئے جاسکتے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
مکینیکل انجینئرنگ شعبہ کے استاد ریاض جعفری کے انتقال پر تعزیت
علی گڑھ، 9؍ جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مکینیکل انجینئرنگ شعبہ کے استاد ریاض جعفری کے انتقال پر اے ایم یو وائس چانسلر ،یونیورسٹی کے اساتذہ اور دیگر افراد نے اپنی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ وہ غمزدہ کنبہ کے دکھ میں شریک ہیں ۔ مرحوم ایک اچھے استاد اور اسکالر تھے۔
مکینیکل انجینئرنگ شعبہ کے صدر پروفیسر مرزا فیصل ایس بیگ نے کہا کہ ریاض جعفری کا انتقال شعبہ کا عظیم خسارہ ہے۔ وہ ایک نیک انسان تھے اور اپنے ساتھیوںمیں بہت مقبول تھے۔ قابل ذکر ہے کہ ریاض جعفری ’نینو فلوئڈس‘ کے موضوع پر اپنا پی ایچ ڈی کا مقالہ لکھ رہے تھے۔ فلوئڈ میکینکس، ٹربو مشینری اور کمپیوٹیشنل فلوئڈ ڈائنامکس سمیت دیگر موضوعات پر انھوں نے کثرت سے لکھا ہے۔ وہ 1983ء سے بطور لیکچرر خدمات انجام دے رہے تھے۔
٭٭٭٭٭٭
طبقات الارض شعبہ کے پانچ طلبہ اسسٹنٹ ہائیڈرولوجسٹ کے طور پر منتخب ہوئے
علی گڑھ، 9؍ جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے طبقات الارض شعبہ کے پانچ طلبہ کو سنٹرل گراؤنڈ واٹر بورڈ ، وزارت آبی وسائل، حکومت ہند میں اسسٹنٹ ہائیڈرولوجسٹ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ ان طلبہ کے نام ہیں: محمد شادمان، محمد ارشد، صدام حسین، عبدالرحمٰن اور عرفان علی۔ یونین پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ منعقد کئے جانے والے مقابلہ جاتی امتحان میں ان کا انتخاب عمل میں آیا۔
صدر شعبہ پروفیسر اے ایچ ایم احمد نے مذکورہ طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ کامیابی ان کی محنت و لگن اور اساتذہ کی رہنمائی کا صلہ ہے اور اس سے دیگر طلبہ کو بھی تحریک ملے گی۔

You might also like