Baseerat Online News Portal

چینی فوجی بھارتی حدود میں داخل ، تین ماہ میں دوسری بار شرانگیزی

نئی دہلی ، 9جنوری ( بی این ایس )
لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر ہندوستان اور چین کے مابین تناؤ کو کم کئے جانے کی کوششیں جاری ہیں،لیکن چین فوج اپنی عادتوں سے باز نہیں آتی۔ اطلاع کے مطابق جمعہ کے روز ایک چینی فوج ہندوستانی حدود میں داخل ہوگیا، موقع پر تعینات ہندوستانی فوجیوں نے اسے گرفت میں لے لیا ۔ اکتوبر کے وسط میں بھی ایک چینی فوجی کو ہندوستانی سرحد میں دراندازی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ہندوستانی فوج کے مطابق 8 جنوری جمعہ کو ایک چینی فوجی کو بھارتی سرحد میں داخل ہونے کے بعد حراست میں لے لیا گیا تھا۔خیال رہے کہ یہ واقعہ پے گانگ تسو جھیل کے جنوبی حصے میں پیش آیا۔پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے اس فوجی کو اس علاقہ میں تعینات ہندوستانی فوجیوں نے دیکھ لیا تھا۔فوج کے مطابق ایل اے سی کے دونوں طرف ہندوستان اور چین کی فوجیں تعینات ہیں۔ پچھلے سال 15 جون کو پرتشدد جھڑپوں کے بعددونوں ممالک نے یہاں فوجیوں کی تعیناتی میں اضافہ کیا ہے۔ اس بات کی تحقیق کی جارہی ہے کہ اس فوجی نے ہندوستانی سرحد میں کس طرح ’گھس پیٹھ‘ کیا ،فوجی ذرائع کے مطابق چینی فوجی کی گرفتاری کے متعلق ان کے اعلیٰ افسران کو آگاہ کردیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں دونوں طرف سے رابطے کئے جارہے ہیں۔

You might also like