Baseerat Online News Portal

مولانا حسیب صدیقیؒ کے یوم وفات پر دعائیہ نشستوں کا اہتمام

مرحوم مولانا حسیب صدیقیؒ کے مشن کی آبیاری ہماری زندگی مقصد : سہیل صدیقی
دیوبند،9؍ جنوری(سمیر چودھری؍بی این ایس)
مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے سابق جنرل منیجر اور متعدد اداروں کے بانی مولانا حسیب صدیقی مرحومؒ کے یومِ وفات کے موقع پر مختلف اداروں میں ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیااور مرحوم کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔واضح رہے کہ دیوبند کی عظیم شخصیت مولانا حسیب صدیقی 9؍جنوری 2019کو مختصر علالت کے بعد اس دنیا سے رخصت ہو گئے تھے ۔آج ان کی دوسری یوم وفات کے موقع پر پبلک گرلز انٹر کالج ،مدنی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ ،مدنی آئی اسپتال ،موٹر ڈرائیونگ ٹریننگ سینٹراور دیوبند نیوز نیٹ ورک میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کی گئی ۔پبلک گرلز انٹر کالج کی پرنسپل صبا حسیب صدیقی نے کہاکہ مولانا حسیب صدیقی جیسی شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہے ،انہیں اللہ تعالیٰ نے ابتدا ہی سے غریبوں ،بے سہارا افراد اور ضرورت مندوں کے تئیں خدمت اور مدد کرنے والے جذبہ سے سر شار کر رکھا تھا ۔اپنے اسی جذبہ کے تحت انہوں نے 58سالوں تک انسانیت کی بے لوث خدمات انجام دیں ۔انہوںنے کہا کہ آج ہمارے قائد ،ہمارے رہنما ہمارے درمیان نہیں ہیں،لیکن انہوںنے ہم سب کے لئے ایک ایسا مضبوط نظام اور مشن چھوڑا ہے جس پر عمل کرکے ہم بھی عوامی خدمات انجام دے سکتے ہیں ۔اور ان کے تعلیمی ،سماجی اور اقتصادی مشن کو آگے بڑھا سکتے ہیں ۔ مسلم فنڈ ٹرسٹ کے منیجر سہیل صدیقی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حسیب صدیقی اپنے آپ میں ایک انجمن اور چلتا پھرتا مشن تھے ،جنہوںنے مسلم فنڈ ٹرسٹ کے توسط سے 58سالو ں تک عوام کو اقتصادی طور پر بہت کچھ دیا اس کے علاوہ انہوںنے تعلیمی میدان بالخصوصی تعلیم نسواں کے لئے زبر دست اور کامیاب جد و جہد کی ،جہاں لڑکوں کے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن کا ادارہ قائم کیا ،وہیں لڑکیوں کی تعلیم کے لئے انٹر کالج قائم کیا ۔سہیل صدیقی نے کہا کہ مولانا حسیب صدیقی نے دار العلوم دیوبند اور جمعیۃ علماء ہند کے لئے بھی بڑی اہم ذمہ داریاں نبھائیں ،آج وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں ،لیکن ان کے رہنما اصول اور اقتصادی و تعلیمی مشن ہمارے ساتھ ہیں ۔اللہ تعالیٰ ہمیں ان کے تقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے ۔مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے اسٹنٹ منیجر سید آصف حسین او ردیوبند میونسپل بورڈ کے سابق چیئر مین انعام قریشی نے مولانا حسیب صدیقی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حسیب صدیقی ؒ اپنے دور کی ایک عظیم شخصیت تھے ،جنہوںنے ہمیشہ فلاح انسانیت کے لئے کام کیا ۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو اجر عظیم عطا فرمائے اور ہم سب کو ان کے ادھورے مشن کو پورا کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے ۔اس کے علاوہ دیوبند کی سیاسی ،سماجی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ صحافی برادری نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

You might also like