Baseerat Online News Portal

دینی بنیادی تعلیم کے ساتھ عصری علوم کے ادارے قائم کیجئے:مفتی محمد سہراب ندوی

پٹنہ:۱۰؍جنوری(عادل فریدی؍بی این ایس)
نقیب،نائب نقیب اورمشیر نقیب ،تنظیم امارت شرعیہ کی روح اوراس کی پہچان ہیں، وہ اپنی آبادی میں حضرت امیر شریعت کے نمائندے اورفکر امارت کے ترجمان ہیں، آج حضرت امیر شریعت مدظلہ کی طرف سے گھنشیام پور بلاک ضلع دربھنگہ کے نقباءونائبین نقباءاورمشیران نقباءکو سند دی جارہی ہے، اورکچھ ذمہ داریاں بھی ترجیحی طورپر سپرد کی جارہی ہیں،لازم ہے کہ تنظیم امارت شرعیہ کا ہرذمہ دار اس سند کو اپنے لئے باعث عزت وسعادت سمجھے اورحضرت امیر شریعت کی طرف سے جو ذمہ داریاں سپرد کی جارہی ہیں پوری مستعدی کے ساتھ ان کو روبعمل لائے، یہ باتیں امارت شرعیہ کے نائب ناطم مولانامفتی محمد سہراب ندوی قاسمی صاحب نے ۹جنوری ۱۲۰۲ءکو عنایت پور بڈھیب پالی میں منعقد بلاک کے نقباءاورخواص کے اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے کہیں، انہوں نے بلاک کے سترسے زائد ذمہ داران تنظیم امارت شرعیہ کو اپنے ہاتھوں سے سند دی، ترجیحی ذمہ داریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت مخدوم گرامی حضرت امیر شریعت مدظلہ کی ہدایت ہے کہ ملی درد رکھنے والاہرمسلمان بچوں کی بنیادی دینی تعلیم کے لئے خود کفیل دینی مکتب اورمسلم لڑکے لڑکیوں کے لئے اعلیٰ عصری تعلیم گاہ اورکوچنگ سنٹرس کے قیام پر فوری توجہ دے، اردوزبان لکھنے پڑھنے کی چلن کو عام کرے، آپسی تنازعات کو سماجی سطح پر حل کرنے کی عملی کوشش کرے، اوران کاموں کو تحریکی انداز میں شروع کیاجائے، تمام نقباءودیگر علماء،ائمہ ودانشوران نے پورے عزم کے ساتھ ان کاموں کو اپنی آبادی میں شروع کرنے اورایک ماہ کے اندر کارکردگی رپورٹ سے دفتر امارت شرعیہ کو مطلع کرنے کا عہد کیا، مفتی صاحب نے امارت شرعیہ کے بڑھتے قدم اورپھیلتے شعبوں کی جھلکیاں بھی پیش کیں، اوراصلاح معاشرہ کے تعلق سے اثر انگیز پیغام بھی دیا، لکھنوربلاک کے سکریٹری تنظیم امارت شرعیہ جناب مفتی انوارعالم صاحب نے اپنے بیان میں مختلف معاشرتی خرابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے جھوٹ، رشوت اورنشہ خوری کے مضراثرات کو بیان کیا، اوران خرابیوں سے سماج کو پاک کرنے کی تلقین کی، گھنشیام پور بلاک کے صدر اوراجلاس کے منتظم مفتی نظرالباری صاحب نے افتتاحی کلمات کہے،مولانامسعودعالم قاسمی سکریٹری تنظیم امارت شرعیہ گھنشیام پورنے حاضرین کا شکریہ اداکیا ،مولاناشعیب عالم قاسمی مبلغ امارت شرعیہ نے نظامت کے فرائض انجام دئے،جناب قاری شرف الدین صاحب سکریٹری بلاک جھنجھارپور بھی اجلاس میں شریک رہے۔عنایت پور بڈھیب کے نوجوانوں اورذمہ داروں نے پورے جوش وخروش کے ساتھ اجلاس کا انتظام کیا۔واضح رہے کہ دینی بنیادی تعلیم کے قیام عصری تعلیمی ادارے کھولنے اوراردوزباں کو فروغ دینے کی ترغیب کے لئے امارت شرعیہ ان دنوں ترجیحی بنیاد پر کام کررہی ہے،اورمختلف اضلاع ،بلاک اورعلاقوں میں ملی ،سماجی اورتعلیمی فکررکھنے والے افراد پر مشتمل اجتماع کرکے اس کو عملی شکل دینے کے لئے اقدام کررہی ہے،امارت شرعیہ کا یہ احساس ہے کہ ملک کے تیزی سے بدلتے ہوئے حالات میں ان اہم بنیادوں اورایجنڈوں پر کام کرنے کی سخت ضرورت ہے،تاکہ ہمارے مستقبل کے ساتھ ہماری نسلوں کے مستقبل اوران کے دین وایمان کا تحفظ ہوسکے،امارت شرعیہ کی مجلس عاملہ نے اس کام کے لئے قوم کو مستعد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

 

You might also like