Baseerat Online News Portal

ممبئی: بی جے پی کو شکست دینے کیلئے شیوسینا نے کھیلا گجراتی کارڈ ، ’جلیبی نے فافڑا‘ پروگرام کا انعقاد

ممبئی، 10 جنوری (بی این ایس )
ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے انتخابات کو ابھی ایک سال باقی ہے لیکن اس سے پہلے ہی شیو سینا نے بگل بجادیا ہے۔دو دہائیوں سے بی ایم سی پر حکمرانی کررہی شیو سیناایک بار پھر سال 2022 میں بی ایم سی پر بھگوا پرچم لہرانا چاہتی ہے، جس کے لئے اس نے پہلے ہی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔بی جے پی سے علیحدگی کے بعد شیوسینا بلدیاتی انتخابات کسی بھی صورت میں جیتنا چاہتی ہے، جس کے لئے ممبئی میں انتخابات سے قبل شیوسینا نے گجراتی کارڈ کھیلا ہے۔ ممبئی میں گجراتی معاشرے کا بہت بڑا غلبہ ہے اور اسے بی جے پی کا بنیادی ووٹر سمجھا جاتا ہے۔ اس لئے ان کو خوش کرنے کے لئے شیوسینا ’ممبئی ما جلیبی نے فافڑا، ادھو ٹھاکرے آپڑا‘ کا نعرہ بلند کررہی ہے۔آج ممبئی کے جوگیشوری ہال میں گجراتی ووٹرز کو راغب کرنے کے لئے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں گجراتی معاشرے کے 100 تاجر شریک تھے۔ اس تقریب کا اہتمام شیوسینا کے منتظم ہیم راج شاہ نے کیا تھا۔پروگرام میں شیوسینا کے کچھ کارکنان اور لیڈران نے بھی شرکت کی۔گجراتی ووٹرز سے خطاب کرتے ہوئے ہیم راج نے بی جے پی کو شدید نشانہ بنایا۔ ہیم راج نے 1993 میں ہونے والے فسادات پر بی جے پی پر سخت تنقید کی اور کہا کہ 1993 میں جب ہنگامے ہوئے تھے تب معاشرے اور لوگوں کی مدد کے لئے بالاصاحب ٹھاکرے آگے آئے تھے۔ تب بی جے پی نے لوگوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔ بی جے پی برسوں سے گجراتی ووٹرز کا استعمال کررہی ہے۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے آج کاروباری طبقہ مکمل طور پر برباد ہوچکا ہے۔ آج تمام تاجروں کی حالت خستہ ہوگئی ہے، کاروبار گر گئے ہیں، جس کی وجہ سے تاجر بی جے پی سے سخت ناراض ہیں۔

You might also like