Baseerat Online News Portal

جموں وکشمیر: کانگریس کی ریاست میں جلد انتخابات کرانے کی مانگ

15 جنوری کو کسان قوانین کے خلاف کریں گے احتجاجی مظاہرہ
جموں، 11 جنوری (بی این ایس )
جموں و کشمیر ریاستی کانگریس کمیٹی نے ریاست میں اسمبلی انتخابات جلد کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 15 جنوری کو ریاستی کانگریس کمیٹی جموں و کشمیر میں کسان قوانین کے خلاف زبردست مظاہرہ کرے گی۔ جموں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کمیٹی انچارج اور جموں و کشمیر ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو 59 فیصد ووٹ ملے تھے، لیکن ڈی ڈی سی انتخابات میں یہ فیصد کم ہوچکا ہے۔غلام احمد میر نے کہا کہ ملک میں جواچھاہوتاہے،بی جے پی ہمیشہ اس کاکریڈٹ لینا چاہتی ہے، جبکہ کانگریس نے بھی اپنے وقت میں کچھ بڑے اور اہم فیصلے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15 جنوری کو کانگریس پارٹی یوم حقوق کسان منائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں مسلسل گر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اپنا فائدہ کما رہی ہے۔ کانگریس نے سوال کیا کہ حکومت یہ منافع کا پیسہ کہاں خرچ کررہی ہے اور مطالبہ کیا کہ منافع کی اس رقم کو لوگوں کی بھلائی میں خرچ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 15 جنوری کو وہ راج بھون کا گھیراؤ کریں گے اور چکہ جام بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 15 جنوری کو کانگریس سڑکوں پر آکر عوام کی آواز اٹھائے گی۔ ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد نے کہا کہ پارٹی کچھ اضلاع میں ضلعی ترقیاتی کونسل کو چیئرمین بنانے کے لئے غیر بی جے پی جماعتوں کی حمایت کرے گی۔

You might also like