Baseerat Online News Portal

نریندرتومر کی رہائش گاہ کے باہریوتھ کانگریس نے تھالی بجاکرکیا زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ

نئی دہلی، 12 جنوری (بی این ایس )
کانگریس یوتھ ونگ کے لیڈران اور کارکنان نے منگل کو وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کی رہائش گاہ کے باہر تھالی بجاکر تینوں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کیا اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انڈین یوتھ کانگریس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق تنظیم کے صدر سرینواس بی وی کی سربراہی میں یوتھ کانگریس کے متعدد عہدیداروں اور کارکنان نے تومر کی رہائش گاہ کے باہر تھالی بجاکر اور مرکزی حکومت کے کسان قوانین کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ یوتھ کانگریس نے بتایا کہ پولیس سرینواس اور کئی دیگر لیڈران کو تحویل میں لے گئی اور بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔ سری نواس نے دعوی کیاکہ ملک کا کسان اپنے وجود کو بچانے کے لئے زرعی قوانین کے خلاف تاریخی تحریک چلا رہے ہیں جس میں 60 سے زیادہ کسان شہید ہوچکے ہیںلیکن یہ حکومت آمریت پر اتر آئی ہے۔کانگریس کے قومی انچارج کرشنا علاوارو نے کہاکہ یوتھ کانگریس اس وقت تک پرامن طور پر نہیں بیٹھے گی جب تک یہ کسان مخالف حکومت کالے زرعی قوانین کو واپس نہیں لیتی ہے، ہم حکومت اور وزراء کو جگاتے رہیں گے۔ تنظیم کے قومی میڈیا انچارج راہل راؤ نے کہاکہ ہندوستانی یوتھ کانگریس کا مطالبہ ہے کہ جلد از جلد تینوں کالے قانونوں کو واپس لیا جائے۔

You might also like