Baseerat Online News Portal

کسانوں کی تحریک کو ’اخلاقی حمایت‘ دینے کیلئے ’جلی کٹو‘ پروگرام میں شامل ہوں گے راہل گاندھی

چنئی، 12 جنوری (بی این ایس )
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی 14 جنوری کو’پونگل‘ کے دن تامل ناڈو جائیں گے جہاں وہ’جلی کٹو’ سے متعلق پروگرام میں شریک ہوں گے۔ ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر کے ایس الگیری نے منگل کو یہ معلومات دی۔’جلی کٹو‘ تمل ناڈو کے دیہی علاقوں میں روایتی کھیل ہے جو پونگل تہوارپر ہوتا ہے۔ اس میں لوگ بیلوں کو پکڑنے اور ان پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ راہل گاندھی مدورائی ضلع کے اونی پورم میں جل کٹوپروگرام کا مشاہدہ کریں گے اور زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کو اپنی اخلاقی حمایت دیں گے۔ الگیری نے کہاکہ بیل کاشتکاری کی علامت ہے اور ان کا ذریعہ معاش ہے ۔ ان کے مطابق راہل گاندھی کے دورے کامقصد کسانوں اور تامل ثقافت کا احترام کرنا ہے۔ الگیری نے یہ بھی کہا کہ سابق کانگریس صدر اس دورے پر کسی بھی انتخابی مہم میں شریک نہیں ہوں گے۔ اس سال اپریل سے مئی میں تامل ناڈو قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ہونے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تمل ناڈو کے وزیر اعلی کے پلانی سامی اور ان کی پارٹی اے این اے ڈی ایم کے نے تینوں زرعی قوانین پر مرکزی حکومت کی حمایت کی تھی اور اس کے علاوہ ریاست کی کوئی اور پارٹی ان کی حمایت نہیں کرتی ہے۔ ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر نے یہ بھی کہا کہ راہل گاندھی کی اس بار ڈی ایم کے لیڈر ایم کے اسٹالن یا کسی اور لیڈرسے میٹنگ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق کانگریس صدر اس ماہ کے آخر میں مغربی تمل ناڈو کا دورہ کرسکتے ہیں اور اس دوران ان کی اتحادی لیڈران سے ملاقات متوقع ہے۔ الگیری نے یہ بھی کہا کہ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور پارٹی کے کئی دیگر سینئر لیڈران کو اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کے لئے مدعو کیا جائے گا۔

You might also like