Baseerat Online News Portal

مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

جے این میڈیکل کالج کے ڈسٹرکٹ ارلی اِنٹرونشن سنٹر نے میڈیکل افسروں کے لئے ٹریننگ پروگرام کا اہتمام کیا
علی گڑھ، 13؍جنوری: جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈسٹرکٹ ارلی اِنٹرونشن سنٹر – سنٹر آف ایکسیلنس نے راشٹریہ بال سواستھ کاریہ کرم (آر بی ایس کے) کے تحت علی گڑھ ضلع کے میڈیکل افسران کے لئے ایک آن لائن تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا جس میں انھیں پیدائش کے وقت بچوں میں نظر آنے والے نقص کی شناخت اور اس سلسلہ میں طبی اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی۔
پروگرام کا مقصد بلاک سطح پر بچوں کے اندر ابتدائی پیدائشی نقائص کی شناخت، آر بی ایس کے کے تحت انھیں طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی مہارت میں اضافہ کرنا تھا۔ یہ تربیتی پروگرام سنٹر کے اعزازی مشیر پروفیسر تبسم شہاب، کنوینر پروفیسر کامران افضل اور نوڈل افسر ڈاکٹر عظمیٰ فردوس کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔
پروفیسر کامران افضل نے افتتاحی خطبہ پیش کیا اور میڈیکل افسروں کو بتایا کہ بچوں میں پیدائشی نقائص کو سماجی رسوائی کا باعث سمجھا جاتا ہے جب کہ بیماری کے معقول علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر عظمیٰ فردوس نے ابتدائی سیشن میں مختلف پیدائشی نقائص کے بارے میں بتایا اور ان کی جلد تشخیص پر زور دیا۔
ماہر امراض اطفال ڈاکٹر گلناز نادری ، میڈیکل افسر ڈاکٹر محمد راشد اقبال اور ڈینٹل سرجن ڈاکٹر محمد نوید الرحمٰن نے مختلف امراض کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ تین اکیڈمک سیشن کے بعد ماہرین نے میڈیکل افسروں کے سوالوں کے جواب دئے۔
چھٹے سیشن میں پروفیسرتبسم شہاب نے ڈسٹرکٹ ارلی اِنٹرونشن سنٹر – سنٹر آف ایکسیلنس کے بارے میں بتایا۔ انھوں نے کہاکہ ہمارا مقصد سماج کے کمزور طبقات کو طبی مدد فراہم کرنا ہے۔
اکیڈمک سیشن کے بعد ٹریننگ کوآرڈنیٹر مسٹر محمد احمد نے نومولود بچوں میں طبی نقائص کے سلسلہ میں بلاک سطح پر بیداری کی ضرورت پر زور دیا۔ آخر میں محمد انور صدیقی نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
٭٭٭٭٭٭
کمپیوٹر سائنس شعبہ کی جانب سے ویب ٹاک کا اہتمام
علی گڑھ، 13؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کمپیوٹر سائنس شعبہ کی جانب سے ایک ویب ٹاک منعقد کیا گیا جس میں شعبہ کے ریسرچ اسکالر محمد فاروق نے طلبہ و طالبات کو یوجی سی نیٹ ؍جے آر ایف میں کامیابی حاصل کرنے کے گُر بتائے۔
انھوں نے کہاکہ خواہشمند طلبہ کو نیٹ؍جے آر ایف میں کامیابی کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے منصوبہ بند طریقہ سے تیاری کرنا چاہئے ۔ انھوں نے پچھلے برسوں کے سوالات کا باریکی سے جائزہ لینے، بنیادی موضوعات پر گرفت حاصل کرنے اور ٹسٹ کی مشق کرنے پر زور دیا۔ انھوں نے کہاکہ مثبت رویہ کا بھی ہونا ضروری ہے تاکہ وقتی ناکامی سے مایوسی نہ پیدا ہو۔ انھوں نے تیاری کے لئے دستیاب آن لائن وسائل کے بارے میں بھی بتایا۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں صدر شعبہ پروفیسر رفیق الزماں خان نے کہاکہ نیٹ ؍ جے آر ایف میں کامیابی کے لئے شعبہ میں طلبہ و طالبات کی معقول رہنمائی کی جارہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ شعبہ کے بیس طلبہ نے نیٹ؍جے آر ایف میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پروگرام کوآرڈنیٹر ڈاکٹر فیصل انور اور ڈاکٹر محمد ندیم نے کہاکہ نیٹ ؍جے آر ایف کے سلسلہ میں کئی ویب ٹاک منعقد کئے گئے ہیں جن سے اس مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری میں طلبہ کو مدد مل رہی ہے۔ ڈاکٹر محمد ساجد نے اظہار تشکر کیا۔
٭٭٭٭٭٭
علم الحیوانات شعبہ میں نیشنل یوتھ ڈے کا اہتمام
علی گڑھ، 13؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے علم الحیوانات شعبہ میں نیشنل یوتھ ڈے کے موقع پر صدر شعبہ پروفیسر محمد افضال نے’’ سوامی وویکانند اور جدید نوجوان ‘‘ موضوع پر خطبہ دیا۔
انھوں نے کہاکہ نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کو سوامی وویکانند کے فکر و فلسفہ کو اپنانے پر زور دیتے ہوئے پروفیسر محمد افضال نے مختلف فلسفیوں اور مفکرین کے حالات زندگی بیان کئے۔ انھوں نے سائنس ، فلسفہ اور مذہب کے بنیادی تصورات پر گفتگو کرتے ہوئے سوامی وویکانند کے فلسفہ پر بطور خاص روشنی ڈالی۔
اس موقع پر جدید ہندوستان کی تعمیر میں سوامی وویکانند کی خدمات موضوع پر ایک مضمون نویسی مقابلہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں یسریٰ شرف نے اوّل انعام، سویما شریف نے دوئم انعام اور ایم سیف اللہ انصاری نے سوئم انعام حاصل کیا۔ اس کے علاوہ آفاق احمد ڈار، عابد منظور میر اور ذیشان عمر شاہ کو حوصلہ افزائی انعامات دئے گئے۔
پروگرام کے کوآرڈنیٹر شعبہ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر جی جی ایچ اے شاداب اور ڈاکٹر یاسر حسن صدیق تھے۔
٭٭٭٭٭٭
علم الحیوانات شعبہ کے ریسرچ اسکالر نے اورل پرزنٹیشن میں سوئم انعام حاصل کیا
علی گڑھ، 13؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے علم الحیوانات شعبہ کے ریسرچ اسکالر راہل نے ولیم ریسرچ سنٹر، نگر کوائل، تمل ناڈو کے زیر اہتمام ’نیچر کا تحفظ اور سدھ طب‘ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں آن لائن اورل پرزنٹیشن میں سوئم انعام حاصل کیا۔
مسٹر راہل شعبہ میں سینئر ریسرچ فیلو ہیں اور وہ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر یاسر حسن صدیق کی نگرانی میں ریسرچ کررہے ہیں۔

You might also like