Baseerat Online News Portal

اویسی’ بہارکی طرح‘ بنگال اوریوپی میں معاون ہوں گے:ساکشی مہاراج

انائو14جنوری(بی این ایس )
ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے بہار اسمبلی انتخابات میں شاندار کارکردگی کے بعد اترپردیش اور مغربی بنگال کا رخ کیا ہے۔ اویسی نے حال ہی میں یوپی کا دورہ کیا ، حامیوں سے ملاقات کی اور پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ اس کے بیچ بھارتیہ جنتا پارٹی مجلس کے آنے سے کافی خوش ہے اوراسے امیدہے کہ اس کافائدہ اسے بنگال اوریوپی میں بھی ملے گا۔رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے اعتراف کرتے ہوئے ان قیاس آرائیوں کوہوادے دی ہے جن میں اویسی کی وجہ سے بی جے پی کے فائدے کی بات کہی جاتی رہی ہے۔ ساکشی مہاراج نے کہاہے کہ اویسی نے بہار میں بی جے پی کی مدد کی اور اب یوپی بنگال میں بھی ایسا ہی ہوگا۔ دراصل بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے انائوسے دہلی جاتے ہوئے میڈیا سے ملاقات کی۔ پھر اس سے اسد الدین اویسی کے اعظم گڑھ جونپور کے دورے کے بارے میں پوچھاگیااور ان کو ملنے والی حمایت کے بارے میں بات کی گئی۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ساکشی مہاراج نے کہا ہے کہ ان کا بہت شکر گزار ہوں ، خداان کاحامی ہو،انھوں نے بہار میں ہمارا ساتھ دیا۔یہ یوپی میں بھی کریں گے ، بعد میں مغربی بنگال میں بھی۔ساکشی مہاراج کے بیان کے بعدمجلس بیک فٹ پرہے اوراس کے حمایتیوں کے پاس جواب نہیں ہے۔ اس دوران بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے بھی مسلمانوں کے بارے میں ایک بیان دیا۔ انہوں نے کہاہے کہ ہم مسلمانوں کااعتماد جیتنے میں بھی مصروف ہیں۔ 65 سالوں سے ہندوستان کے مسلمانوں کوڈرایا گیا۔ مجھے لگتا ہے کہ آج کے دن مسلمان سمجھ گئے ہیں کہ درحقیقت ہماری دوست پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی ہے ، لہٰذامسلمان بڑی تعداد میں بتدریج بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔

You might also like