Baseerat Online News Portal

دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء کانپور کی میٹنگ آج

کانپور:۱۵؍جنوری(پریس ریلیز)دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کا ایک ذیلی ادارہ ہے، اس کا مقصد تمام مسلمانوں کی دینی تعلیم کو لازمی بنانا ہے۔ اس کے مقاصد میں عصری تعلیم گاہوں میں زیر تعلیم بچوں کے ساتھ پسماندہ اقوام و دیہات کے بچوں کی دینی تعلیم کا نظم کرنا ترجیحی طور پر شامل ہے، دینی تعلیمی بورڈ نے اس سلسلے میں کل وقتی اور جز وقتی دونوں طرح کے نصاب مرتب کئے ہیں اور طبائع و نفسیات کا خیال رکھتے ہوئے کتابیں مرتب کی ہیں، تاکہ بچے پڑھنے میں میں دلچسپی لیں۔ اس سلسلے میں دینی تعلیمی بورڈ شہر کانپور کو مزید متحرک اور فعال کرنے کے ساتھ کام کو احسن طریقے سے انجام دینے کیلئے شہری یونٹ کی باقاعدہ تشکیل اور اس حوالہ سے دیگر امور پر غور کرنے کیلئے شہر کے علماء، ائمہ، اساتذہ و جمعیۃ علماء شہر کے ذمہ داران وکارکنان کی ایک اہم نشست آج مورخہ16/ جنوری بروز سنیچر بعد ظہر (۲/بجے دن) دفتر شہری جمعیۃ علماء رجبی روڈ کانپور میں زیر سرپرستی جناب ڈاکٹر حلیم اللہ خاں صاحب صدر جمعیۃ علماء شہر و زیر صدارت جناب مولانا مفتی عبد الرشید صاحب قاسمی صدر دینی تعلیمی بورڈ کانپور منعقد ہو رہی ہے۔ دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا انصاراحمد جامعی اور جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے تمام اراکین و عہدیداران کو دعوت نامے ارسال کئے جا چکے ہیں۔ لیکن اگر کسی وجہ سے دعوت نامہ موصول نہیں ہو سکا ہو تو اس خبر کو ہی اپنے لئے دعوت نامہ سمجھ کر موضوع کی اہمیت کے پیش نظر وقت مقررہ پر شرکت کی درخواست کی ہے۔

You might also like