Baseerat Online News Portal

مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

یوم جمہوریہ کا مشاعرہ 25؍جنوری کو آن لائن منعقد ہوگا
علی گڑھ، 23؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں یوم جمہوریہ تقریبات کا آغازروایتی طور پراردو شعبہ کے مشاعرے سے ہوتا ہے۔ اس سال کووِڈ-19 کی وبا کے باعث مشاعرہ 25؍جنوری کو آن لائن منعقد کیا جائے گا۔ شب میں آٹھ سے دس بجے کے درمیان ہونے والے اس مشاعرہ میں ملک و بیرون ملک سے نامور شعراء شرکت کریں گے۔صدارت وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کریں گے جب کہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ظہیرالدین مہمان خصوصی ہوں گے۔
صدر شعبہ پروفیسر محمد علی جوہر نے بتایا کہ نئی دہلی سے پروفیسر خالد محمود، پروفیسر شہپر رسول، پروفیسر احمد محفوظ، نوئیڈا سے جناب نعمان شوق اور جناب فرحت احساس، رامپور سے جناب اظہر عنایتی، بھوپال سے جناب منظر بھوپالی، جناب سید پاپولر شاہ، یوکے سے جناب ہلال فرید، قطر سے جناب افتخار راغب اور جناب ندیم ظفر جیلانی، امریکہ سے جناب نوشہ اسرار سمیت علی گڑھ سے پروفیسر مہتاب حیدر نقوی، پروفیسر شہاب الدین ثاقب، پروفیسر مولا بخش، ڈاکٹر سرور ساجد، ڈاکٹر راشد انور، جناب عالم خورشید، ڈاکٹر معید رشیدی، ڈاکٹر سرفراز خالد، جناب نسیم صدیقی اور پروفیسر سراج اجملی مشاعرہ میں اپنے کلام سے نوازیں گے۔
مشاعرے میں آن لائن شرکت کے لئے ویب لنک ہے:
https://amuevents.webex.com/amuevents/onstage/g.php?MTID=e9ddec2bc081c208e7945655c569c4aba
ایونٹ نمبر: 1764852123 ،اور پاس ورڈ: [email protected] ہے۔
٭٭٭٭٭٭
یوم جمہوریہ پر وائس چانسلر، اسٹریچی ہال پر صبح 9:30 بجے پرچم کشائی کریں گے
دوپہر ایک کتاب سرسید اکیڈمی میں علی گڑھ تحریک پر مبنی کتابوں کا اجراء ہوگا
علی گڑھ، 23؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں26؍جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریب اسٹریچی ہال پر منعقد ہوگی۔ صبح 9:30 بجے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور پرچم کشائی کریں گے۔ اس موقع پر طلبہ کی طرف سے روایتی تقریریں ہوں گے۔ مس نائلہ علوی (بی اے، انگریزی) اور مسٹر آصف سعود (ایم ایس سی) یوم جمہوریہ کی مناسبت سے تقریریں کریں گے۔اس کے بعد 9:50 بجے وائس چانسلر کا خطاب ہوگا اور دس بجے وہ سرسید ہال ساؤتھ کے لان میں شجرکاری کریں گے۔
یوم جمہوریہ پر دوسرا اہم پروگرام سرسید اکیڈمی میں دوپہر ایک بجے منعقد ہوگا جس میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور سرسید اکیڈمی کی شائع کردہ اہم کتابوں اور مونوگراف کا اجراء کریں گے۔
سرسید اکیڈمی کے ڈائرکٹر پروفیسر علی محمد نقوی اور ڈپٹی ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد شاہد کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق اے ایم یو کے صدی سال کی مناسبت سے پانچ کتابیں ؍مونوگراف شائع کی گئی ہیں، جن کے نام ہیں: (۱)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی: اے شارٹ انٹروڈکشن، (۲) کرنل بشیر حسین زیدی (مصنف: ڈاکٹر وبھا شرما، شعبہ انگریزی، اے ایم یو)، (۳) نواب سلطان جہاں بیگم (مصنف: ڈاکٹر صدف فرید، ویمنس کالج، اے ایم یو)، (۴) راجہ جے کشن داس (مصنف : ڈاکٹر ایس کمار شرما، شعبہ انگریزی، اے ایم یو) اور (۵) سر راس مسعود (مصنف: ڈاکٹر رضا عباس ، ویمنس کالج، اے ایم یو) ۔ یہ کتابیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی ہستیوں کی حیات و خدمات سے تعلق رکھتی ہیں۔
تیس صفحات پر مشتمل کتاب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی: اے شارٹ انٹروڈکشن ، بانی درسگاہ سرسید احمد خاں اور علی گڑھ تحریک ، ایم اے او کالج کی تاریخ اور سرسید احمد خان کے رفقائے کار کی خدمات پر روشنی ڈالتی ہے۔ اس مختصر کتاب میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی روایات و اقدار پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے تاکہ نو وارد طلبہ و طالبات اسے پڑھ کر یونیورسٹی کی تاریخ کے ساتھ ساتھ اس کی تہذیب و ثقافت سے بھی واقفیت حاصل کرسکیں۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسرفوزیہ خان، اکیڈمک کونسل کی کوآپٹیڈ رکن مقرر
علی گڑھ، 23؍جنوری:فیکلٹی آف ایجوکیشن ، جامعہ ملیہ اسلامیہ ، نئی دہلی کی پروفیسر فوزیہ خان کو اے ایم یو ایکٹ کے تحت اے ایم یو میں اکیڈمک کونسل کا کوآپٹیڈ رکن مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت کار دو برس ہوگی۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر محمد یونس صدیقی، معالجات شعبہ کے نئے چیئرمین ہوں گے
علی گڑھ، 23؍جنوری:پروفیسر محمد یونس صدیقی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں معالجات شعبہ کے نئے چیئرمین مقرر کئے گئے ہیں۔ وہ 25؍جنوری کو موجودہ چیئرمین پروفیسر تنزیل احمد سے عہدے کاچارج حاصل کریں گے۔ ان کی مدت کار تین برس ہوگی۔
٭٭٭٭٭٭
جے این میڈیکل کالج کی ٹیم نے میڈیکل افسروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو سی پی آر کی ٹریننگ دی
علی گڑھ، 23؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے انستھیسیولوجی شعبہ کے چیئرمین پروفیسر سید معید احمد نے ڈاکٹر سید حسین عامر، ڈاکٹر فرح نسرین، ڈاکٹر شاہنہ علی اور ڈاکٹر مناظر اطہر کے ہمراہ علی گڑھ ضلع کے مختلف پرائمری ہیلتھ سنٹروں، کمیونٹی ہیلتھ سنٹروں اور ضلع اسپتال کے صحت عملہ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہنگامی حالات میں دل کی دھڑکن اور سانسوں کو بحال کرنے کے عمل (سی پی آر) اور فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ فراہم کی۔
یہ ٹریننگ پروگرام کلیکٹریٹ میں منعقد ہوا۔ پروفیسر سید معید نے بتایا کہ کووِڈ 19 کی ٹیکہ کاری کے پیش نظر اس ٹریننگ پروگرام کا اہتمام کیا گیا اور شرکاء کو بتایا گیا کہ انھیںکسی متاثرہ شخص کی سانسیں کس طرح بحال کرنی ہیں۔ شرکاء کو ایئروے مینجمنٹ کی بھی ٹریننگ دی گئی۔ پروفیسر معید نے کہاکہ کووِڈ ٹیکہ کاری کے دوران نفسیاتی اثرات اور دیگر علامات کی جانکاری صحت عملہ کو ہونا ضروری ہے تاکہ ہنگامی حالت میں متاثرہ شخص کی مدد کی جاسکے۔
چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر بی ایس کلیانی سمیت 50؍میڈیکل افسروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے ٹریننگ پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ چندر بھوشن سنگھ، سی ڈی او اننّیا جھا اور جے این میڈیکل کالج کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر حارث ایم خان بھی موجود تھے۔
٭٭٭٭٭٭
ندیم ترین ہال اور اے ایم یو اسٹاف کلب احاطہ میں شجرکاری
علی گڑھ، 23؍جنوری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج میں قائم نیشنل انڈین پروستھوڈونٹک سوسائٹی کی شاخ کی جانب سے ’پروستھوڈونٹک ڈے‘ کے موقع پر یونیورسٹی کے ندیم ترین ہال اور اے ایم یو اسٹاف کلب احاطہ میں شجرکاری کی گئی۔ اس موقع پر اے ایم یو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے سکریٹری پروفیسر نجم الاسلام نے شجرکاری کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔
ندیم ترین ہال کے پرووسٹ پروفیسر امجد مسعود نے شجرکاری پروگرام کاافتتاح کیا اور پروفیسر عارف الاسلام، پروفیسر فرید مہدی، ڈاکٹر یاسر عظیم اور ڈاکٹر شکیل علوی کے ہمراہ پودے لگائے۔ ڈاکٹر پنکج کھراڈے پروگرام کے کوآرڈنیٹر تھے۔

You might also like