Baseerat Online News Portal

حاجی شاہد سہیل ’ہندو مسلم بھائی چارہ سمیتی ‘ کے سرپرست مقرر

ہندو مسلم ایکتا کے لئے بلاتفریق اپنی ذمہ داری نبھاؤں گا: حاجی شاہد سہیل
دیوبند،23؍جنوری(سمیر چودھری؍بی این ایس)
سماجی تنظیم ’ہندو مسلم بھائی چارہ سمیتی ‘کی میٹنگ میں عہدیداران و ممبران نے معروف سیاسی و سماجی رہنما حاجی شاھد سہیل کو سمیتی کا اتفاق رائے سے سرپرست مقرر کیا ۔تنظیم کے ترجمان سلیم احمد عثمانی نے بتایا کہ تنظیم کے سابق سرپرست وعالمی روحانی تحریک کے سربراہ مولانا حسن الہاشمی کے اچانک انتقال کے بعد مسلم طبقہ کے نمائندہ کرنے نیز تنظیم کی سرپرستی کے لئے ایک معتبر اور سماجی خدمت کا جذبہ رکھنے والی شخصیت کی ضرورت تھی ۔اس لئے میٹنگ میں کافی غور و فکر کے بعدعلاقہ کے مخلص رہنما اور بے لوث عوامی خدمتگار حاجی شاھد سہیل کے نام پر اتفاق رائے ہوا ۔اس موقع پر سمیتی کے نومنتخب سرپرست حاجی شاہد سہیل نے کہا کہ یہ ان کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ سمیتی نے مجھے یہ ذمہ داری دی ہے۔اس موقع پرسمیتی کے صدر سلیم قریشی اور کنوینر ونود کمار گپتا نے حاجی شاھد سہیل کوتحریری تقرری نامہ سونپا۔تنظیم کے کوآرڈی نیئر انصار مسعودی نے کہاکہ سمیتی کے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ موصوف نے سمیتی کی سرپرستی کو قبول کیا۔ ونود کمار گپتا نے حاجی شاھد سہیل کے سرپرست منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب سرپرست کی رہنمائی میں ہم سب ہندو مسلم اتحاد کے لئے میدان عمل میں رہیں گے۔سلیم قریشی اور سلیم احمد عثمانی نے نومنتخب سرپرست حاجی شاھد سہیل کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جس طرح آپ نے سماج کے کمزور طبقات اور باشندگان دیوبند کی بلا تفریق خدمات انجام دی ہیں ،اسی طرح کی خدمات سمیتی کو بھی ملتی رہیں گی ۔حاجی شاھد سہیل نے ہندو مسلم بھائی چارہ سمیتی کے عہدیداران و اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ تنظیم نے مجھے یہ اعزاز دیا ہے ۔انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ وہ سمیتی کے لئے اور ہندو مسلم اتحاد کے لئے بلا تفریق اپنی خدمات دیتے رہیں گے ۔ اس دوارن حاجی شاہد سہیل کا گلپوشی کرکے استقبال کیاگیا۔ اس موقع پر سمیتی کے خازن حاجی خلیل الرحمٰن خاں،ترجمان سلیم احمد عثمانی ،دین محمد انصاری ،اجے گرگ اور محمد نعمان و غیرہ موجود رہے ۔

You might also like