Baseerat Online News Portal

تعلیمی اداروں اور سیاسی دفاتر میںمنایاگیا سبھاش چندربوس کا یوم پیدائش

عظیم مجاہد آزادی سبھاش چندر بوس نے اپنی زندگی وطن کے لئے قربان کردی:وپن گرگ
دیوبند،23؍جنوری(سمیر چودھری؍بی این ایس)
شہر کی مختلف تنظیموں کی جانب سے عظیم مجاہد جنگ آزادی سبھاش چندر بوس کا یو م پیدائش نہایت جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا ۔ اس موقع پر جگہ جگہ پروگرام منعقد کرکے سبھاش چندر بوس کی حالات زندگی پر روشنی ڈالی گئی ۔اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔دیوبند کے ریلوے روڑ پر واقع سبھاش چندر بوس کے مجسمہ پر گل پوشی کرکے بی جے پی اور دیگر سیاسی تنظیموں کے ذمہ داران نے پر جوش خراج عقیدت پیش کیا ۔اس موقع پر بی جے پی کے شہر صدروپن گرگ اور کانگریس کے شہر صدر تنظیم صدیقی نے مشترکہ طور پر کہا کہ سبھاش چندر بوس نے آزاد ہند فوج کا قیام کرکے انگریزوں کا جینا محال کر دیا تھا ۔اانہوںنے کہا کہ انہوںنے اپنی زندگی میں وطن عزیز کے لئے جو کارہائے نمایاں انجام دئے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔اس کے علاوہ سیٹی زن کلب کی جانب سے بھی سبھاش چندر بوس کے یو م پیدائش کے موقع پر پروگرام منعقد کیا گیا ۔کلب کے ممبران نے سبھاش چندر بوس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تصویر پر گل پوشی کی اور عظیم مجاہد جنگ آزادی کے کارناموں کو یاد کیا ۔کلب کے صدر شری واستو اور جنرل سکریٹری اروند سنگھل نے کہا کا سبھاش چندر بوس نے آئی اے ایس جیسی ملازمت کو چھوڑ کر اپنے زندگی ملک کے لئے قربان کر دی تھی ۔اس موقع پر سیٹھ کلدیپ کمار ،ڈاکٹر اشوک چودھری ،عبد الہادی خان ،راج کشور گپتا ،پردیپ بنسل ،بھودت شرما ایڈوکیٹ ،کلدیپ رانا ،ڈاکٹر شیو درشن پنڈیر ،دھرم پال مہاجن ،ہریش بھاٹیا ،ڈاکٹر جے پی اپادھیائے ،تحسین خاں ایڈوکیٹ ،نتن رانا ،گرجوت سنگھ سیٹھی وغیرہ موجو د رہے ۔اس کے علاوہ پبلک گرلز انٹر کالج ،نئی روشنی پبلک اسکول ،اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول ،دون ویلی پبلک اسکول ،نواز گرلز پبلک اسکول ،جین انٹر کالج ،گورنمنٹ گرلز انٹر کالج ،ایچ اے وی انٹر کالج ،اسلامیہ انٹر کالج اور اسلامیہ ڈگری کالج کے علاوہ دیگر عصری تعلیمی اداروں میں سبھاش چندر بوس کا یوم پیدائش با وقار انداز میں منایا گیا ۔تمام اداروں میں سبھاش چندر بوس کی تصویر پر گل پوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ،اور اساتذہ ،طلبہ و طالبات نے سبھاش چندر بوس کی حالات زندگی اور وطن کی آزادی کے لئے کی جانے والی جد و جہد اور قربانیوں کا تفصیلی تذکرہ کیا گیا ۔اس موقع پر اساتذہ نے طلبہ و طالبات سے کہا کہ و ہ عظیم مجاہدین جنگ آزادی کے کارناموں کا لازمی طور پر مطالعہ کریں ،اور اپنے اندر مزید حب الوطنی کاجذبہ پیدا کریں۔

You might also like