Baseerat Online News Portal

فاران فائونڈیشن کے زیر اہتمام مولانا آزاد پر ویبینار کا انعقاد

 

مولانا آزاد کی ہمہ جہت خدمات ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے: پروفیسر شکیل قاسمی

پٹنہ:۲۳؍فروری(پریس ریلیز)فاران انٹرنیشنل فائونڈیشن انڈیا کے زیر اہتمام قومی ویبینار بہ عنوان ’’مولانا آزاد ایک عبقری شخصیت ‘‘ گذشتہ روز منعقد کیا گیا جس میں ملک کے مختلف مقامات سے ماہرین علم و ادب نے شرکت کی ۔ تمہیدی گفتگو جناب حذیفہ شکیل ، ایم اے اردو گولڈ میڈلسٹ ، پٹنہ یونیورسٹی نے ’’قومی نظام تعلیم کی تشکیل میں مولانا آزاد کا کردار ‘‘ کے حوالے سے کی ۔ حیدرآباد سے ڈاکٹر کفیل احمد ، پرنسپل مولانا آزاد ماڈل اسکول مہمان خصوصی کی حیثیت سے بہ عنوان ’’ مولانا آزاد چند گوشے ‘‘ شریک ہوئے ، رانچی سے ڈاکٹر مسرور آفتاب مہمان اعزازی کی حیثیت سے بہ عنوان ’’ مولانا آزاد رانچی میں ‘‘ ، ہریانہ سے مولانا مناظر احسن قاسمی ،گولڈ میڈلسٹ عربی، دہلی یونیورسٹی ، وائس پرنسپل الرشید انٹر کالج مہمان اعزازی کی حیثیت سے بہ عنوان ’’ مولانا آزاد غبار خاطر کی روشنی میں‘‘، شعبۂ تعلیم جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی سے مفتی یوسف شکیل قاسمی ، گولڈ میڈلسٹ اردو بہ عنوان ’’مولانا آزاد کا نظریۂ تعلیم ‘‘ ، لکھنؤ سے جناب زاہد اقبال ندوی بہ عنوان ’’ مولانا آزاد اور صحافت ‘‘، پٹنہ سے حافظ عبادہ شکیل بہ عنوان ’’مولانا آزاد میری نظر میں ‘‘ شریک ہوئے ۔
پروفیسر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ ، چیرمین فاران انٹرنیشنل فائونڈیشن انڈیا نے قومی ویبینار کے صدارتی خطاب میں کہا کہ مولانا آزاد کا شمار ہندوستان کی عبقری شخصیتوں میں ہوتا ہے ۔ ان کی خدمات کا دائرہ بے حد وسیع ہے -جنگ آزادی ، قومی یکجہتی ، نظام تعلیم ، زبان و ادب ، مذہب و ثقافت ، خطابت و صحافت ، ملی جماعتوں سے ارتباط، برادران وطن سے تعلقات ، ہر محاذ پر مولانا آزاد کا اعتدال فکر و عمل لائق تحسین رہا ہے اور ممنون قوم خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرتی رہتی ہے ۔
جناب قاسمی نے مقالہ نگاروں کی پیش کش کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ مقالہ نگاروں نے اپنے اپنے موضوع کا احاطہ بہتر انداز میں کیا ہے جس سے امام الہند کی خدمات کی واضح جھلک شرکاء کے سامنے آگئی ہے ۔ میں فاضل مقالہ نگاروں کی خدمت میں ہدیہ تشکر پیش کرتا ہوں۔پروگرام کا آغاز زاہد اقبال کی تلاوت سے ہوا ۔ اس پروگرام کی خوش اسلوبی سے نظامت نوجوان قلم کار حذیفہ شکیل نے کی ۔ سارے شرکاء نے اپنے اپنے عنوان کے تحت بے حد معلوماتی مواد پیش کیا ۔ پروگرام معلومات اور پیش کش کے اعتبار سے حد درجہ کامیاب رہا ۔

You might also like