Baseerat Online News Portal

تعلیم انسانی زندگی میں فکری اور ذہنی انقلاب کا مؤثر ذریعہ : قمر مصباحی  شائننگ اسٹار پبلک اسکول کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تعلیمی مشن کانفرنس سے موقر شخصیات کا خطاب

 

 

سیتامڑھی / رفیع ساگر/بی این ایس

 

تعلیم ہرانسان کی بنیادی ضرورت ہے اس کے بغیر دینی اور دنیاوی زندگی میں کامیابی کا تصور ممکن ہی نہیں کیونکہ تعلیم دنیائے انسانیت کا وہ بیش بہا قیمتی اثاثہ ہے جو کسی بھی انسان کوصحیح معنی میں انسان بننے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

یہ باتیں گوینکا کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ثناء اللہ نے ڈمرا بلاک سے متصل موہن پور میں شائننگ اسکول کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تعلیمی مشن کانفرنس میں اپنے صدارتی خطاب میں کہیں ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیمی منصوبہ بندی میں والدین کا اہم کردار ہوتا ہے لیکن المیہ ہے کہ مسلم والدین اپنے کردار کو فراموش کر چکے ہیں۔ جس قوم پر نماز فجر فرض قرار دی گئی ہے اسی قوم کے بچے صبح اسکول دیر سے پہنچتے ہیں جو کافی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا اسلامی شریعت میں دینی علوم کواوّلیت وترجیح حاصل ہے لیکن اس نے انسانیت اور معاشرہ کے لیے کارآمد تمدنی وعصری علوم کی افادیت سے کبھی بھی انکار نہیں کیا ۔

جبکہ بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر قمر مصباحی نے کہا کہ

ملک اور قوم کی ترقی میں تعلیم کوبنیادی اینٹ اور اساس کا درجہ حاصل ہے جس کے ذریعہ غربت وافلاس کا خاتمہ ہوتا ہے اور اسی سے عروج واقبال نصیب ہوتا ہے، عہدہ ومنصب، سیادت وقیادت اور اعزاز واکرام سب اسی تعلیم کی کرشمہ سازی اور مرہونِ منت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پھر بھی ہم تعلیم کی اہمیت کو نہیں سمجھ پارہے ہیں جس کا نتیجہ ہے کہ تعلیمی میدان میں ہم بہت پیچھے ہوتے جارہے ہیں اس لیے ہم سب کو ایجوکیشن پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ورنہ بچوں کا مستقبل بجائےروشن کے تاریک ہوجائے گا۔مسٹر قمر مصباحی نے زور دیکر کہا کہ اگر کامیابی چاہتے ہیں تو اپنے بچوں کا داخلہ ایسے اداروں میں کرائیں جہاں دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم حاصل کرنے کا موقع میسر آئے کیونکہ تعلیم ہی انسانی زندگی میں فکری اور ذہنی انقلاب کا مؤثر ذریعہ ہے۔

یوتھ کانگریس کے ضلع صدر شمس شہنواز اسکول کے بانی کو مبارکباد پیش کرتےہوئے کہا کہ وقت اور حالات کے پیش نظر آپ نے اسلامیات کے ساتھ عصری تعلیم دینے کا جو نظم کیا ہےوہ لائق ستائش ہے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ریسرچ اسکالر اشرف الکوثر مصباحی نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اور مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دیکھتے ہوئے ہمیں دینی تعلیم کے ساتھ معیاری عصری علوم کو حاصل کرناوقت کااہم ترین تقاضہ ہے ورنہ خوفناک مستقبل ہمارامنتظرہے۔جامعہ ملیہ کے ریسرچ اسکالر محمد امجد رضا امجدی نے کہا کہ کامیابی کا علم بلند کرنے کےلیے دور حاضر میں تعلیم لازم وضروری ہے۔شائننگ اسٹار پبلک اسکول کے ڈائریکٹر حافظ رضی اللہ حیدری نے آئے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اوراپنی تعلیمی مشن پر عوام کو بیدار کرتے ہوئےاسکول کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی اور عوام سے اپنے بچوں کے مستقبل سنوارنے کی اپیل کی۔حافظ عتیق اللہ حیدری نے قرآن کریم کی تلاوت سے محفل کا آغاز کیا۔مولانا حبیب الحسن حیدری نے نعتِ رسول کا حسین گلدستہ پیش کیا پروگرام کی نظامت محمد فیصل نے کی دعاء پر محفل کا اختتام ہوا جبکہ موقع پر مولانا عبدالقیوم مصباحی،حافظ وقاری اشتیاق احمد،مولانا شرف الدین قادری،مولانا حامد مکی مصباحی وغیرہ موجود تھے

You might also like