Baseerat Online News Portal

سفارتخانہ ہند کا دو روزہ جشن اردو سعودی عرب

  ریاض/سعودی عرب 

۔ سفارتخانہ ہند ریاض کے زیر اہتمام ادبی نشست و عالمی مشاعرہ پر مبنی دو روزہ “جشن اردو سعودی عرب” آئندہ جمعہ و سنیچر 5 اور 6 مارچ کو منایا جائے گا۔ دو روزہ عالمی جشن اردو کے پہلے دن ادبی اجلاس منعقد ہوگا جبکہ دوسرے دن عالمی مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔

سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید کی زیر سرپرستی اور سیکنڈ سکریٹری عاصم انور کے زیر انتظام منعقد ہونے والے دو روزہ پروگرام میں ہندوستان اور سعودی عرب کے علاؤہ دیگر خلیجی ممالک سے ہندوستانی ادیب و شعراء حصہ لیں گے۔
جمعہ 5 مارچ کی سہ پہر تین بجے نثری اجلاس کا آغاز ہوگا۔ سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے۔ حیدرآباد کے ممتاز افسانہ نگار ، ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ سابق صدر شعبہ اردو جامعہ عثمانیہ پروفیسر بیگ احساس اس اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ ڈائرکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی عقیل احمد شیخ مہمان خصوصی ہوں گے۔
ممتاز ادیب، نقاد، شاعر و کالم نگار پروفیسر صفدر امام قادری “داستان گوئی کل اور آج” کے عنوان پر مقالہ پیش کریں گے۔ عالمی شہرت یافتہ داستان گو جاوید دانش، کنیڈا داستان پیش کریں گے۔ ریاض کے ممتاز صحافی و ماہر فن خطاط غوث ارسلان خاکہ نگاری کے ہنر پر مقالہ پیش کریں گے۔ ممتاز صحافی، خاکہ و کالم نگار کے۔این۔واصف سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید کی شخصیت پر خاکہ پیش کریں گے۔ حیدرآباد کے ممتاز صحافی ، ایڈیٹر ہفتہ گواہ ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی قلمکاروں کا تعارف پیش کریں گے۔ ممتاز ادیب، شاعر و مزاح نگار، بانی و صدر اردو گلبن ، جدہ اور بانی و رکن گلف اردو کونسل جناب مہتاب قدر اس اجلاس کی نظامت کریں گے۔ سیکنڈ سکریٹری سفارتخانہ ہند ریاض جناب عاصم انور اظہار تشکر کریں گے۔
“جشن اردو سعودی عرب” کی دوسری نشست میں سنیچر 6 مارچ کو عالمی مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔ ہندوستان اور سعودی عرب کے علاؤہ دیگر خلیجی ممالک سے ممتاز ہندوستانی شعراء اپنا کلام پیش کریں گے۔ معروف شاعر جناب عرفان جعفری مشاعرہ کی صدارت کریں گے جبکہ جدہ کے معروف ناظم مشاعرہ اور اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے صدر جناب اسلم افغانی مشاعرہ کی نظامت کریں گے۔ مشاعرہ میں حصہ لینے والے شعراء میں الطاف شہریار جدہ، ڈاکٹر رؤوف خیر، حیدرآباد، قیصر خالد، ممبئی، شیراز مہدی ضیاء، جبیل، سید باقر نقوی، دمام، ابو طاہر بلال، ریاض، ناصر برنی، ینبوع، افسر بارہ بنکوی،جدہ، رفیعہ نوشین، حیدرآباد، ڈاکٹر صادقہ نواب صحر، مہاراشٹرا، شرافت چاند پوری، طائف، رضوان مہذبی، طائف،طارق غازی، کنیڈا، مسعود حساس، کویت، خورشید الحسن نیر، ریاض، احمد اشفاق، قطر، تسنیم جوہر، حیدرآباد، آغا سروش، حیدرآباد، مہتاب قدر، جدہ، منیر الزماں منیر، شکاگو اور عرفان جعفری صدر مشاعرہ شامل ہیں۔
جشن اردو سعودی عرب کے منتظمین مہتاب قدر، اسلم افغانی، کے۔این۔واصف، غوث ارسلان اور محمد سیف الدین نے ادب دوست حضرات سے سوشیل میڈیا اور زوم لنک کے ذریعہ شرکت کی خواہش کی ہے۔

You might also like