Baseerat Online News Portal

مغربی بنگال الیکشن: بایاں محاذ، کانگریس اور آئی ایس ایف مہاگٹھ بندھن نے جاری کی پہلی فہرست

کولکاتہ،5مارچ(بی این ایس )
لیفٹ ، کانگریس اور آئی ایس ایف کے مہاگٹھ بندھن نے بنگال اسمبلی انتخابات کے لئے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ فی الحال بائیں محاذ نے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ بائیں محاذ کے چیئرمین ومان بوس نے کہا کہ بنگال اسمبلی انتخابات کی کچھ نشستوں پر ابھی تک مہاگٹھ بندھن نے اتفاق رائے نہیں کیا ہے۔ان نشستوں میں نندی گرام بھی شامل ہیں جہاں سے ترنمول کانگریس چیف اور وزیر اعلی ممتا بنرجی انتخابات لڑیں گی۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل جمعہ کے روز ٹی ایم سی نے 291 نشستوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران ممتا بنرجی نے اعلان کیا کہ وہ نندیگرام اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑیں گی۔کانگریس رکن پارلیمنٹ پردیپ بھٹاچاریہ نے کہا کہ اتحاد میں کانگریس نے حاصل کی گئی نشستوں پر پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان دہلی میں ہائی کمان کے ذریعہ کیا جائے گا۔ آئی ایس ایف سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی بعد میں کیا جائے گا۔
بتادیں کہ بنگال میں 294 نشستوں کے لئے آٹھ مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی۔ پہلے مرحلے کے لئے ووٹنگ 27 مارچ کو ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 38 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ یکم اپریل کو دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوگی، جس کے تحت لوگ 30 نشستوں پر ووٹ ڈالیں گے۔ رائے شماری کے تیسرے مرحلے کے لئے 6 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، جہاں لوگ 31 نشستوں پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ 10 اپریل کو چوتھے مرحلے میں 44 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ پانچویں مرحلے کا انتخاب 17 اپریل کو ہوگا، جہاں 45 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 22 اپریل کو چھٹے مرحلے میں 41 نشستیں ہوں گی، 26 اپریل کو ساتویں مرحلے کے تحت 36 نشستیں ہوں گی جبکہ آخری اور آٹھویں مرحلے میں 35 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ نتائج کا اعلان 2 مئی کو کیا جائے گا۔

You might also like