Baseerat Online News Portal

چین کے پاس دنیا کی سب سے طاقتور فوج ، بھارت چوتھے نمبر پر:رپورٹ

نئی دہلی۔۲۱؍مارچ:/بی این ایس) دفاعی امور کی ویب سائٹ ملٹری ڈائریکٹ کے ذریعہ اتوار کے روز جاری کردہ ایک مطالعے کے مطابق چین کے پاس دنیا کی سب سے طاقتور فوج موجود ہے جبکہ ہندوستان چوتھے نمبر پر ہے۔اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ، جو فوج پر بہت زیادہ رقم خرچ کرتا ہے ، 74 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد روس 69 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور بھارت 61 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور فرانس 58 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ برطانیہ 43 پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر ہے۔اس تحقیق میں کہاگیاہے کہ فوج کی طاقت کا اشاریہ مختلف عوامل پر غور کرنے کے بعد تیار کیا گیا تھا جن میں بجٹ ، فعال اور غیر فعال فوجی اہلکاروں کی تعداد ، ہوائی ، سمندری ، زمینی اور جوہری وسائل ، اوسط تنخواہ اور آلات کی تعداد شامل ہیں۔اس کا کہنا ہے کہ چین کے پاس دنیا کی سب سے طاقتورفوج ہے۔ اسے انڈیکس میں 100 میں سے 82 ملا۔مطالعہ کے مطابق بجٹ ، فوج اور ہوائی اور بحری صلاحیت جیسے چیزوں پر مبنی یہ اسکور بتاتے ہیں کہ چین خیالی تصادم میں فاتح کے طور پر سب سے اوپر آئے گا۔ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ دنیا میں فوج پر سب سے زیادہ 732 بلین ڈالر خرچ کرتا ہے۔ اس کے بعد چین دوسرے نمبر پر ہے اور اس نے 261 ارب ڈالر اور ہندوستان نے 71 ارب ڈالر خرچ کیے ہیں۔اس تحقیق میں کہاگیاہے کہ اگر لڑائی ہوئی تو چین سمندری لڑائیوں میں کامیابی حاصل کرے گا۔ امریکہ فضائی لڑائیوں میں کامیابی حاصل کرے گا اور زمینی لڑائیوں میں روس فتح حاصل کرے گا۔

You might also like