Baseerat Online News Portal

ملت اسلامیہ ایک بصیرت مند، بے باک قائد سے محروم ہو گئی: مفتی محمد امداد اللہ قاسمی

 

مدھوبنی(پریس ریلیز) موُرخہ 7/اپریل 2021ع بروز منگل صبح دس بجے شہر مدھوبنی کے قلب میں واقع مدرسہ اصلاح المومنین راگھونگر بھوارہ مدھوبنی میں مسلمانِ بھارت کے بے باک رہنما، ملت کے مسائل کی گتھیوں کو سلجھانے والے بصیرت مند قائد، عظیم روحانی پیشوا، سینکڑوں ادارے کے سرپرست و مشیر، مسلم پرسنل لاءبورڈ کے جنرل سکریٹری، امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے امیرشریعت، خانقاہ رحمانی کے سجادہ نشین، جامعہ رحمانی مونگیر کے سربراہ اعلی، حضرت مولاناسید محمدعلی مونگیری رحمہ اللہ کے سچے اورحقیقی وارث، مولانا سید منت ﷲ رحمانی رحمہ ﷲ کے فکری وعلمی اور روحانی تحریک کے سچے جانشین مفکراسلام حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی رحمہ اللہ کی وفات حسرت آیات پر ایک تعزیتی نشست اور ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جسمیں اساتذہ مدرسہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ اظہار تعزیت کرتے ہوئے مفتی محمد امداد اللہ قاسمی نے کہا کہ حضرت کی شخصیت کی جگہ کا پُر ہونا بہت مشکل ہے، آپ نے نازک اور پُرفتن دور میں قوم و ملک کی بے لوث مخلصانہ قیادت کی۔آپ کی شخصیت امت مسلمہ کے لیے اللہ تعالی کے ایک عظیم نعمت تھی، جب بھی مسلمانوں اور اسلام پر کسی باطل طاقت یا حکومت کی طرف سے حملہ ہوا تو آپ نے قوم کی بر وقت صحیح رہبری کی اور باطل طاقتوں کو دندان شکن جواب دیا، آپ جرات و حمیت کے پہاڑ تھے ،حق گوئی اور بے باکی آپ کا طرہ امتیاز تھا، آپ حق کا برملا اظہار کیا کرتے تھے، آپ نے مصلحت کے نام پر کسی باطل طاقت سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، اس کی سیکڑوں مثالیں ہیں۔
لیکن یہ نظام الہی ہے ہر شخص کو اس دارِ فانی سے دارِ بقاءکی طرف کوچ کرنا ہے، موت یقینی ہے، آپ کی وفات سے ملت اسلامیہ ہندیہ ایک ہے باک قائد، دینی علمی روحانی پیشوا اور بافیض پیر طریقت سے محروم ہو گئی۔
ہماری ذمہ داری ہے کہ حضرت امیر شریعت رحمہ اللہ نے جن نیک کاموں میں اپنی زندگی کھپا دی اور جس صالح معاشرہ کی تشکیل و تعمیر میں رات و دن لگے رہے؛ ہم آپ کے اس مشن کو زندہ رکھیں اور آپ کے چھوڑے ہوئے کاموں کو پوری ہمت و حوصلے ساتھ تکمیل تک پہنچانے کی مخلصانہ بھرپور کوشش کریں۔
اللہ تعالیٰ حضرت کی درجات کو بلند فرمائیں ، حسنات کو قبول فرمائیں، امت کو ہر طرح کے اختلاف و نفاق اور شقاق سے بچاکر ان کا نعم البدل عطاء فرمائیں۔

You might also like