Baseerat Online News Portal

غزل. مجھ میں خوش بوٗ تری محبت کی

افتخار راغب،

دوحہ قطر

مجھ میں خوش بوٗ تری محبت کی

نذر ہے شاعری محبت کی

 

امنڈے امنڈے سے ابر نفرت کے

سہمی سہمی ندی محبت کی

 

پھر تناسب بڑھا تنفّر کا

پھر ضرورت بڑھی محبت کی

 

اک طرف غیر کی ہوَس کا دھواں

اک طرف روشنی محبت کی

 

کس کو اپنی حیات سمجھا ہے

کس سے اے زندگی محبت کی

 

ہاے دل کا تباہ ہو جانا

ہاے بے چارگی محبت کی

 

دل میں کب دوسرا اٹھا طوفان

دل نے کب دوسری محبت کی

 

کیا جلیں گے سکونِ دل کے چراغ

کیا بجھے گی لگی محبت کی

 

کس قدر شور ہے محبت کا

کس قدر ہے کمی محبت کی

 

ہر صدا ہو صداے دل راغبؔ

ہر صدی ہو صدی محبت کی

 

 

You might also like