Baseerat Online News Portal

کورونا لاک ڈاؤن: یوپی حکومت اور ہائی کورٹ آمنے سامنے، پانچ شہروں میں مکمل کرفیو کا عدالت عالیہ کا حکم تسلیم کرنے سے انکار، ریاست میں۲۴؍گھنٹوںمیں ۲۸۲۰۰ نئے معاملے، ۱۶۷؍اموات

لکھنو۔۱۹؍اپریل: یوپی کے پانچ شہروں میں لاک ڈائون لگانے سے فی الحال یوگی حکومت نے انکار کردیا ہے۔ حکومت کی طرف سے کہاگیا ہے کہ لاک ڈائون لگانے سے غریبوں پر مار پڑتی ہے۔ ہائی کورٹ نے کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے سوموار کی صبح حکومت کو یوپی کے پانچ شہروں لکھنو، وارانسی، پریاگ راج، کانپور اور گورکھپور میں ۲۶ اپریل تک لاک ڈائون لگانے کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد یوپی حکومت کی طرف سے کہاگیا کہ اے سی ایس انفارمیشن نونیت سہگل نے کہا کہ آج ہائی کورٹ کے حکم کے بعد یوپی حکومت کے ترجمان نے آگاہ کیا ہے کہ ریاست میں کورونا کے معاملے بڑھ رہے ہیں، اور سختی کورونا کی روک تھام کےلیے ضروری ہے حکومت نے کئی قدم اُٹھائے ہیں، آگے بھی مزید سخت اقدام اُٹھائے جاسکتے ہیں۔ زندگی بچانے کے ساتھ غریبوں کی روزی روٹی بھی بچانا ہے ۔ان شہروں میں ابھی مکمل لاک ڈائون نہیں لگے گا، لوگ اپنی مرضی سے خود ہی کئی جگہ بند کررہے ہیں۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے سوموار کو اترپردیش حکومت کو ریاست کے پانچ شہروں میں سبھی مقامات کو بند کرنے کا حکم دیا ۔ ہائی کورٹ نے کہاکہ خواہ نجی ہو یا سرکاری سبھی اداروں کو ۲۶؍اپریل تک بند کردیں، عدالت نے کہاکہ صرف ضروری خدمات کو چھوٹ دی جائے۔ ہائی کورٹ نے کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے پریاگ راج، وارانسی، لکھنو، کانپور اور گورکھپور کے لیے یہ حکم دیا ہے، ہائی کورٹ نے کہاکہ مالیاتی اداروں، اور مالیاتی شعبوں ، شعبہ صحت، صنعتی اور سائنسی تنصیبات نگر نگم آفس، اور عوامی ٹرانسپورٹ سمیت ضروری خدمات کو چھوڑ کر سبھی سرکاری و غیر سرکاری اداروں کو ۲۶ اپریل تک بند رہیں گی۔ عدالتیں البتہ اپنے وقت پر کام کریں گی۔ سبھی شاپنگ مال، سبھی کرانے کی دکانیں اور میڈیکل دکانوں کو چھوڑ کر جہاں تین سے زیادہ مزدور ہوں ۲۶ اپریل تک بند رہیں گے۔ سبھی ہوٹل، ریستوران، یہاں تک ٹھیلے پر کھانے کے چھوٹے اسٹال بھی بند رہیں گے، کسی بھی طرح کی عوامی یا مذہبی سرگرمیوں کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ کمبھ میلے کے بعد شمالی ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر زور پکڑ رہی ہے، یوپی کے مختلف شہروں میں ارتھیاں جلانے کےلیے لکڑیوں کی قلت ہورہی ہے اور قبرستان میں بھی جگہ نہیں مل رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اترپردیش میں ۲۴؍گھنٹوں کے اندر کورونا کے ۲۸؍ ہزار دو سو نئے معاملات سامنے آئے ہیں ، لکھنو میں ۵۸۰۰ نئے معاملے ریکارڈ کیے گئے ہیں، ریاست میںکل اموات۱۶۷ ہوچکی ہے جس میں لکھنو میں ۲۲افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

You might also like