Baseerat Online News Portal

انتخابی نتائج ہندتوا فاشزم کو کرارا جواب

نئی دہلی:4 مئی(پریس ریلیز)
ویلفیئرپارٹی آف انڈیا نے مغربی بنگال، تامل ناڈو اور کیرالہ کے اسمبلی انتخابی نتائج کو بی جے پی کے فسطائی اور فرقہ پرست چہرے پر ایک کرارا طمانچہ قرار دیا اور کہا کہ یہ جمہوریت اور ملک کے وفاقی نظام کی فتح ہے۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ مغربی بنگال، تمل ناڈو اور کیرالہ کے انتخابی نتائج بی جے پی کے اس متکبرانہ نعرے کا جواب ہے کہ ’’ مودی نہیں تو پھر کون؟‘‘ نیز یہ ہندوستانی عوام کے اس اعتماد کا بھی اظہار ہے کہ مودی ہر گز بھی ناقابل تسخیر نہیں ہیں۔
ڈاکٹر الیاس نے مودی حکومت پر الزام لگا یا کہ اس نے ان انتخابات میں حکومتی مشنری کا بے دریغ استعمال کیا اور اپنی ہائپر انتخابی مہم میں جہاں ایک طرف سرمایہ کا بے پناہ استعمال کیا وہیں دوسری طرف جمہوری اداروں جیسے الیکشن کمیشن آف انڈیا،ای ڈیED))، سی بی آئی، این آئی اے اور انکم ٹیکس کو بر سراقتدار پارٹی کی لونڈی بنا دیا گیا اور کہا کہ ہم ان اداروں کے غلط اور غیر جمہوری و غیر دستوری استعمال کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کر تے ہیں۔
پارٹی کے قومی صدر نے مودی اور شاہ کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر سخت تنقید کر تے ہو ئے کہا کہ کویڈ 19 کی اس ہو لناک وبا کے دوران تمام ضوابط اور حفاظتی تدابیر کو بالائے طاق رکھ کر بڑی بڑی انتخابی ریلیوں اور روڈ شوز کا ہوس پرستانہ اہتمام اور حکومت کی سر پرستی میں کمبھ میلے میں لاکھوں افراد کا ہری دوار میں یکجا ہو نا دراصل کویڈ کے وسیع تر پھیلائو کا بنیادی سبب ہے، جس نے ملک میں ایک ہیلتھ ایمرجنسی پیدا کر دی ہے۔
انہوں نے آگے کہا کہ اس الیکشن نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مودی شاہ کی ہندوتوا لہر کا مقابلہ وفاقیت اور علاقائی پارٹیوں سے ہی ممکن ہے ۔ اس الیکشن نے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ جن ریاستوں میں مضبوط علاقائی پارٹیاں موجود تھیں وہیں پر بی جے پی کو بد ترین شکست کا سامنہ کر نا پڑا۔ اس الیکشن سے یہ بھی ثابت ہو گیا کہ ملک میں مودی کا متبادل موجود ہے۔ علاقائی پارٹیوں کا ایک مضبوط الائنس بی جے پی کی فسطائی، منافرانہ، غیر جمہوری اور متکبرانہ سیاست کا جواب ہے۔
ویلفیئر پارٹی کے قومی صدر نے ممتا بنرجی، ایم کے اسٹالن اور بنارائی وجیئن کو اسمبلی انتخابات میں اس غیر معمولی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہو ئے کہا کہ ’’ مجھے یقین ہے کہ آپ کی حکومت اچھی حکمرانی کی پائدار مثال قائم کرے گی جومساوات، بھائی چارہ، آزادی اور انصاف کی دستوری بنیادوں پر قائم رہتے ہوئے ان ریا ستوں کی خوش حالی، اچھی صحت اور تمام انسانوں کی فلاح و بہبود کی ایک روشن مثال قائم کرے گی۔
ڈاکڑ الیاس نے مغربی بنگال، تامل باڈو اور کیرالہ کی عوام کو بھی مبارکباد دیتے ہو ئے کہا کہ آپ نے جس ہمت و شجاعت، حکمت تدبر، ہوشیاری اور بصیرت سے اپنے ووٹوں کا استعمال کیا اور بی جے پی کی لڑائو اور حکومت کرو کی مکارانہ چال کا شکار نہیں ہوئے وہ آپ کی سیاسی بصیرت اور بالغ نظری کا بھر پور مظاہرہ ہے۔

You might also like