Baseerat Online News Portal

قاری معین الدین گیاویؒ بزرگوں کے حقیقی وارث اور امین تھے:مولانااحمدولی فیصل رحمانی

 

مونگیر: 4 مئی (بی این ایس)

قاری معین الدین گیاوی ؒ کے انتقال سے بہارمیں علم کاایک اورچراغ بجھ گیا۔مولاناقاری معین الدین گیاویؒ صدرجمیعة علمائے بہارنے مدرسہ قاسمیہ گیاکی ترقی میں اہم کوششیں کیں۔وہ جید عالم دین تھے،علم اورحلم کاسنگم تھے۔ان کے انتقال سے بہارکی علمی فضاسوگوارہے۔مسلسل اہل علم کاسایہ اٹھناناقابل تلافی نقصان ہے۔قاری صاحبؒ نے اپنے والدقاری فخرالدین گیاوی ؒ کی امانتوں کی بھرپورحفاظت کی،ان کے ادارے کوپروان چڑھایا،اپنے بزرگوں کی یادگاراورروایت کوسنوارااورنکھارا۔وہ اپنے بزرگوں کے حقیقی وارث اورامین تھے۔ان خیالات کااظہار مولانااحمدولی فیصل رحمانی سجادہ نشیں نے مولاناقاری معین الدین گیاوی ؒ کے انتقال پراپنے تعزیتی پیغام میں کیا۔

مولانااحمدولی فیصل رحمانی نے خانقاہ رحمانی سے ان کے تعلقات کاذکرکرتے ہوئے کہاہے کہ مولاناقاری معین الدین گیاویؒ کے والداورجدامجدکاخانقاہ رحمانی سے گہراتعلق رہاہے۔قاری فخرالدین گیاوی صاحبؒ،امیرشریعت مولانامنت اللہ رحمانی ؒکے قدرداں تھے۔ان کے جدامجدخانقاہ رحمانی کے بزرگوں سے وابستہ رہے۔ان کے انتقال سے علمی وتحریکی دنیامیں بڑاخلاپیداہواہے۔آپؒ سماجی تنظیموں سے بھی وابستہ رہے اورملت کی مختلف جہات سے خدمت کی۔مولاناکے انتقال پرخانقاہ رحمانی میں دعاﺅں کااہتمام کیاگیااور مغفرت کی دعاءکی گئی ۔

You might also like