Baseerat Online News Portal

ڈاکٹر راؤ شارق بھنیڑہ خاص کے پردھان منتخب

گائوں کے تمام مسائل بلا تفریق حل کئے جائیں گے :ڈاکٹر رائو شارق
دیوبند،5؍ اپریل(سمیر چودھری؍بی این ایس)
پنچایت الیکشن کے نتائج آنے کے بعد دیہی علاقوں میں نئی قسم کی ہلچل ہے ۔دیوبند کے قریبی گائوں اور گرام پنچایت بنہیڑہ خاص کے باشندہ 24؍ سالہ نوجوان ڈاکٹر رائو شارق ولد رائو ستخار پردھان کامیابی حاصل کرکے گاؤں پردھان منتخب ہوئے ہیں ۔نومنتخب پردھان رائو شارق نے پردھان کے عہدے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد وہاں موجود گائوں کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلا تفریق گائوں کے ایک ایک شخص کی خدمت کریں گے ۔ انہو ںنے کہا کہ گائوں میں جن لوگوں کے پاس راشن کارڈ نہیں ہیں ان کے راشن کارڈ بنوائے جائیں گے اور بیوائوں ،معذوروں اور ضعیف العمر افراد کو پینشن دلائی جائے گی ۔اس کے علاوہ جن لوگوں کے پاس اپنا ذاتی مکان نہیں ہے انہیں سرکاری مکانات تعمیر کرکے دئے جائیں گے اور گائوں کے چاروں طرف سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا ۔ نومنتخب نوجوان پردھان ڈاکٹر راؤ شارق نے بتایا کہ ان کے خاندان کے افراد کئی نسلوں سے سماجی خدمت انجام دیتے آئے ہیں اسلئے میں بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سماجی خدمات بلا تفریق انجام دوں گا ۔یاد رہے کہ ڈاکٹر رائو شارق دیوبند کو ضلع بنائو مہم کے وقت سمیتی کے صدر اور اپنے چچا رائو مشرف علی کے ساتھ دیوبند سے لکھنؤ تک پیدل مارچ میں بھی ساتھ رہے تھے ۔اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ گائوں میں آپسی بھائی چارہ کو قائم رکھنے کیلئے ترجیح دی جائے گی اور گائوں کے تما م تنازعات کو گائوں میں ہی حل کیا جائے گا ۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ غریبوں ،لاچار اور بے سہارا لوگوں کے کندھے سے کندھا ملاکر 24گھنٹے عوامی مسائل کے حل اور ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے موجود رہیں گے ۔اسی دوران ایک جذباتی منظر بھی دیکھنے کو ملا جب نو منتخب ڈاکٹر رائو شارق اور ان کے چچا رائو مشرف علی آپس میں بغل گیر ہو کر آبدیدہ ہو گئے ۔ واضح ہو کہ چند ماہ قبل ڈاکٹر رائو شارق کے والدین فوت ہوگئے تھے ۔

You might also like