Baseerat Online News Portal

مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

وزیر اعلیٰ اترپردیش کی اے ایم یو آمد، وائس چانسلر سے ملاقات
علی گڑھ، 13؍مئی: وزیر اعلیٰ اترپردیش شری یوگی آدتیہ ناتھ نے آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کا دورہ کیا اور میڈیکل کالج اسپتال کو آکسیجن سپلائی اور ریمڈیزور انجکشن کی فراہمی سمیت ہر ممکنہ مدد کا یقین دلایا۔
وزیر اعلیٰ نے علی گڑھ اور قریبی اضلاع میں کووِڈ 19سے پیدا ہونے والے حالات کا جائزہ لیا، اور غمزدہ کنبوں سے تعزیت کی۔
وزیر اعلیٰ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے حکام بشمول وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور، رجسٹرار مسٹر عبدا لحمید آئی پی ایس، میڈیکل کالج پرنسپل و سی ایم ایس پروفیسر شاہد علی صدیقی،ڈین فیکلٹی آف میڈیسن پروفیسر راکیش بھارگو اور کارگزار میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر امجد علی رضوی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
پروفیسر طارق منصور نے اس موقع پر کہاکہ میڈیکل کالج کو آکسیجن اور ریمڈیزور انجکشن کی مسلسل شدید ضرورت ہے۔ میڈیکل کالج کے ڈاکٹر، نرس اور نیم طبی عملہ کے اراکین تندہی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس دوران ان میں سے کئی ایک کووِڈ سے متاثر ہوگئے ۔ انھوں نے سنجیدگی اور محنت کے ساتھ کام کرنے کے لئے طبی عملے کی ستائش کی۔
پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نپٹنے کے لئے سبھی کوششیں کی جارہی ہیں اور ہمیں تیسری ممکنہ لہر کے لئے بھی تیاریاں کرنی ہوں گی جس میں بچوں کے زیادہ تعداد میں متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جے این میڈیکل کالج میں صحت ڈھانچہ کی بلندکاری اور پیڈیاٹرک آئی سی یو کی سہولیات میں اضافہ کے لئے میڈیکل کالج ،ریاستی و مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا، تاکہ خاص طور سے بچوں کو بہتر علاج مل سکے۔ انھوں نے کہاکہ میڈیکل کالج نے ٹیلی میڈیسن خدمات شروع کی ہیں جسے مزید مستحکم کیا جائے گا۔
وائس چانسلر، وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) سے لگاتار رابطہ میں ہیں۔ انھوں نے کووِڈ بحران کے وقت یونیورسٹی کو تعاون دینے کے لئے وزیر اعظم، مرکزی وزیر تعلیم، وزیر اعلیٰ اور ان کے دفاتر کا شکریہ ادا کیا۔
وائس چانسلر اور یونیورسٹی حکام نے زیادہ سے زیادہ ٹیکہ کاری کے لئے یونیورسٹی برادری کے نام سوشل میڈیاو دیگر وسائل کا استعمال کرتے ہوئے اپیلیں جاری کی ہیں ۔ وائس چانسلر نے مزید کہاکہ یونیورسٹی نے جینوم سیکونسنگ کے لئے نمونے جانچ کی خاطر آئی سی ایم آر کو بھیجے ہیں۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر میں زیادہ اموات کے اسباب کی وضاحت کرتے ہوئے جے این میڈیکل کالج کے اہلکاروں نے کہاکہ ویکسین نہ لگوانے، دیگر امراض ہونے اور میڈیکل کالج میں تاخیر سے مریض کو بھرتی کرنے سے اموات میں اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے ایک حلقہ میں کووِڈ سے اموات کی تعداد کو بڑھا چڑھاکر پیش کیا گیا اور اس میں دیگر امراض اور جے این میڈیکل کالج اسپتال سے باہر ہونے والی اموات کو بھی شامل کرلیا گیا۔اس کے علاوہ کئی سبکدوش اساتذہ جن کا انتقال دہلی، نوئیڈا، غازی آباد، لکھنؤ، بھوپال، میرٹھ وغیرہ میں ہوا ان کا نام بھی اس میں شامل کیا گیا۔
اس مشکل وقت میں یونیورسٹی سبھی غمزدہ کنبوں کے ساتھ ہے ۔
٭٭٭٭٭٭
عید کو محفوظ طریقہ سے منانے کی وائس چانسلر کی اپیل
علی گڑھ، 13؍مئی: عید الفطر کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے یونیورسٹی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کووِڈ کے سلسلہ میں رہنما ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور محفوظ رہیں۔
وائس چانسلر نے کہا ’’عید کے مبارک موقع پر عام طور پر لوگ ایک دوسرے سے ملتے ہیں، رشتہ داروںو احباب کے گھر جاتے ہیں اور خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں، لیکن کووِڈ وبا کے باعث حالات مختلف ہیں اور روایتی خوشی کا ماحول نہیں ہے۔ ہم پھر بھی گھر پر رہ کر عید مناسکتے ہیں اور دور رہ کر بھی اپنے احباب و رفقاء سے رابطہ کرسکتے ہیں‘‘۔ وائس چانسلر نے سبھی کونیک خواہشات پیش کیں۔
٭٭٭٭٭٭
غیرمصدقہ باتوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل
علی گڑھ، 13؍مئی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے پرنسپل و سی ایم ایس پروفیسر شاہد علی صدیقی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ میڈیکل کالج میں مریضوں کے علاج کے سلسلہ میں غلط ، غیر مصدقہ اور فرضی اطلاعات پر توجہ نہ دیں۔ انھوں نے کہا ’’ یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کی شبیہ کو خراب کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹ کئے گئے ہیں جن کے پس پشت چند مفاد پرست عناصر ہیں‘‘۔
پروفیسر صدیقی نے کہاکہ مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ، میڈیکل کالج کے اہلکارو ڈاکٹر اور ضلع انتظامیہ کے اہلکار باہمی تال میل کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران میڈیکل کالج کے بہت سے ڈاکٹر، نرس اور نیم طبی عملہ کے اراکین کووِڈ 19 کے شکار ہوئے ہیں۔ پروفیسر صدیقی نے زور دیتے ہوئے کہاکہ کووِڈ وبا کے خلاف لڑائی میں مل کر کام کرنے اور ڈاکٹروں، نرسوں ، نیم طبی عملے اور دیگر ملازمین کا ساتھ دے کر ان کا حوصلہ بلند کرنے کی ضرورت ہے۔

You might also like