Baseerat Online News Portal

عیدالفطر کا تہوار دینی وملی روایات کی ایک بہترین علامت ،اسے حکومتی گائیڈ لائن کے مطابق منائیں: قمر مصباحی

جالے :۱۳؍مئی(رفیع ساگر؍بی این ایس)یہ بات بالکل حقیقت ہے کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اپنی بےشمار رحمتیں، برکتیں و مختلف انعامات کا خزانہ لٹا کر ہم سے رخصت ہوچکا ہے جہاں ہم نے اس ماہ کی قدر و قیمت کو سمجھتے ہوئے گزشتہ ایک ماہ تک مسلسل روزہ، نماز، اور تلاوت قرآن کے ذریعہ اپنے رب کی خوشنودی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے اور اب اس کی تکمیل پر اللہ تبارک تعالیٰ نے جو عید الفطر جیسا مبارک تہوار عطا کیا ہے اس کو کورونا وائرس کے دلدوز دور میں ادا کرنے کیلئے شریعت اسلامیہ کے ساتھ ساتھ حکومتی گائیڈ لائن پر عمل کرنا نہایت ضروری ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر قمر مصباحی نے جمعرات کو جاری ایک پریس ریلیز میں کیا ۔ انہوں نے شب قدر سے اب تک مسجدِ اقصیٰ اورمظلوم فلسطینی عوام پرجاری حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مظلوم فلسطینیوں کی حفاظت اور انصاف کے لئے مضبوطی کے ساتھ قدم اٹھائیں ورنہ مظلوم کے ساتھ اور بھی ظلم ہوگا۔قمر مصباحی نے اساتذۂ کرام سمیت پوری ملت اسلامیہ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کا تہوار اسلامی تہذیب و ثقافت اور دینی وملی روایات کی ایک بہترین علامت ہے جسے مَناکر امت مسلمہ فخر کرتی ہے۔ یقینا یہ دن ایثار، ہمدردی، تقویٰ و پرہیز گاری،خدمت خلق اور احترام انسانیت کا پیغام اپنے اندر جذب کر رکھا ہے جس میں بےشمار خوشیاں شامل ہیں ۔اس لئے آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہمیشہ ملک میں مذہبی رواداری، آپسی بھائی چارہ، اتحاد، محبت، خلوص،اور ہمدردی جیسے جذبات کو پروان چڑھا کر خیر خواہی کے ساتھ رہیں گے اور ملک وملت کےلئے کام کریں گے ۔عید الفطر کے مبارک موقع پر کورونا جیسے جان لیوا وائرس کے خاتمہ کے لیے ہم سب کو مل کر رب کی بارگاہ میں دعاء کرنے کی سخت ضرورت ہے تاکہ تیسری لہر کا پوری طرح سے خاتمہ ہوسکے۔

You might also like