Baseerat Online News Portal

امریکی وزیرخارجہ کا دورہ بھارت، انسانی حقوق بھی زير بحث

انٹونی بلنکن کے ساتھ مذاکرات ميں بھارتی حکام افغانستان میں سکیورٹی کی صورت حال اور دہشت گردی کی مالی معاونت نیز دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے سے روکنے کے لیے پاکستان پر دباؤ ڈالنے پر بھی توجہ ديں گے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن بھارت کے دو روزہ دورے پر منگل کے روز دارالحکومت نئی دہلی پہنچ رہے ہیں۔ صدر جو بائیڈن کے اقتدار میں آنے کے بعد امریکی وزیر خارجہ کا بھارت کا یہ اولين دورہ ہے۔ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات نیز خطے اور بالخصوص افغانستان میں ہونے والی اہم تبدیلیوں کے مد نظر بلنکن کا یہ دورہ کافی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس وقت دونوں ملکوں کے چین کے ساتھ تعلقات بھی نسبتاً خراب ہیں۔ ایسے میں چین کی توسیع پسندانہ سوچ اور پاليسيوں پر دونوں ملکوں کے ممکنہ مشترکہ لائحہ عمل پر بھی نگاہیں ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق بلنکن وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے علاوہ اپنے ہم منصب ایس جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال کے ساتھ اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔

You might also like