Baseerat Online News Portal

راکیش استھانہ کی دہلی پولیس کمشنر کے طور پر تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج

فیصلے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ
نئی دہلی،30؍جولائی (بی این ایس )
راکیش استھانہ کی دہلی پولیس کمشنر کے طور پر تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ ایڈوکیٹ ایم ایل شرما نے اس سلسلے میں ایک عرضی دائر کرتے ہوئے استھانہ کی تقرری کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ شرما نے اس معاملے میں پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف توہین کی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ استھانہ کو ریٹائرمنٹ سے چار دن قبل دہلی پولیس کمشنر کے طور پر مقرر کرنا سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہے۔واضح رہے کہ راکیش استھانہ کو ریٹائرمنٹ سے کچھ دن پہلے دہلی کے پولیس کمشنر کے طور پر تعینات کیے جانے کے معاملے میں بھی سیاست گرم ہوگئی ہے۔ دہلی اسمبلی نے جمعرات کو استھانہ کی دہلی پولیس کمشنر کے طور پر تقرری کے خلاف ایک قرارداد منظور کی اور وزارت داخلہ سے تقرری واپس لینے کو کہا۔عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے سنجیو جھا نے اسمبلی میں کہا تھاکہ یہ تقرری نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ سپریم کورٹ کی توہین بھی ہے۔ 2019 میں سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اگر کسی کو ڈی جی پی کی سطح پر تعینات کرنا ہے تو اس کے ریٹائرمنٹ میں کم از کم 6 ماہ ہونا چاہیے۔ اس عمل میں یو پی ایس سی سے مشورہ کرنے کا بھی حکم دیا گیا تھا۔

You might also like