Baseerat Online News Portal

مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کی صوبہ دہلی میں ریاستی یونٹ قائم

مولانا داؤ د امینی صدر منتخب، مولانا جاوید صدیقی اور مفتی نثار احمد نائب صدر،قاری عبدالسمیع جنرل سکریٹری اور مولانا رفیع عالم خازن منتخب

نئی دہلی ۸/ستمبر
دہلی میں دینی تعلیم اور مکاتب کے نظام کو مستحکم کرنے کی طرف ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند نے باضابطہ اپنی ریاستی یونٹ قائم کی ہے۔۔
چنانچہ 7/ستمبر کو مدرسہ باب العلوم جعفرآباد نئی دہلی میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کی نگرانی میں مجلس عاملہ دینی تعلیمی بورڈ صوبہ دہلی کی انتخابی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اتفاق رائے سے مولانا داؤد امینی مہتمم مدرسہ باب العلوم جعفرآباد، دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند صوبہ دہلی کے صدر منتخب ہوئے۔میٹنگ میں مولانا جاوید صدیقی قاسمی اور مفتی نثار احمد پہاڑی بھوجلہ کو نائب صدر، مولانا قاری عبدالسمیع کو جنرل سکریٹری اور مولانا رفیع عالم کو خازن منتخب کیا گیا۔
میٹنگ میں ریاست میں دینی تعلیم کی تحریک کو مستحکم کرنے پر مرکز کی ہدایات کی روشنی میں غور وخوض ہوا، ناظم عمومی جمعیۃ علما ء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر وہ بچہ جو اسکول جاتا ہے، وہ مکتب بھی جائے تا کہ اس کے اندر ایمان کے حفاظت کی شعور پیدا ہوسکے۔ جمعیۃ علما ء ہند کے اکابر ؒ نے اس ملک میں سب سے پہلے اس کی ضرورت محسوس کی تھی، چنانچہ آزادی کے بعد ہی جمعیۃ علماء ہند نے ملک کے اولین وزیر تعلیم اور جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کے اہم رکن حضرت مولانا ابوالکلام آزادؒ کے مشورے اور حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنیؒ کی صدارت میں دینی تعلیمی بور ڈ قائم کیا تھااور تعلیمی نصاب بھی وضع کیے تھے۔ آج ضرورت ہے کہ اس کو عام کیا جائے تا کہ ارتدادکی لہر کا مقابلہ کیا جاسکے۔ اس موقع پر مرکزی دینی تعلیمی بورڈجمعیۃ علماء ہند کے مرکزی ذمہ دار مولانا خالد گیاوی نے دینی تعلیمی مہم کی رپورٹ پیش کی۔
واضح ہو کہ مجلس عاملہ دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند صوبہ دہلی کے اجلاس میں جو حضرات شریک ہوئے ان کے نام حسب ذیل ہیں: مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند، مولانا داؤد امینی، مولانا جاوید صدیقی قاسمی، مولانا مفتی نثار پہاڑی بھوجلہ، مولانا رفیع عالم، مولانا قاری عبدالسمیع، حاجی نصیر احمد،مفتی کفیل الرحمن، مولانا سعد، حاجی آزاد، قاری ربیع الحسن،مفتی طاہر،مولانا فاروق مظہراللہ،مولانا خالد گیاوی، مولانا احتشام الحق، مولانا عرفان قاسمی، مولانا معظم عارفی۔ ان کے علاوہ بہت سارے ارکان بارش کی و جہ سے شریک نہ ہوسکے، وہ بذریعہ زوم شریک ہوئے۔

You might also like