Baseerat Online News Portal

سعودی عرب:یوم وطنی پر 70 لاکھ سے زیادہ اشیا سستے داموں فروخت ہوں گی

آن لائن نیوزڈیسک
سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا ہے کہ ’یوم وطنی کے موقع پر تجارتی اداروں میں صارفین کے لیے سستے داموں سامان فروخت کرنے کا رجحان بڑھ گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’2700 سے زیادہ تجارتی اداروں اور آن لائن کاروبار کرنے والے تجارتی مراکز نے یوم وطنی کی مناسبت سے رعایتی پیکیج پیش کرنے کے لیے اجازت نامے حاصل کیے ہیں‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت تجارت کے ترجمان نے بتایا کہ ’70 لاکھ سے زیادہ اشیا سستے داموں فروخت ہوں گی۔ ان میں ملبوسات سرفہرست ہیں‘۔
’فرنیچر دوسرے، خوشبویات اور گھڑیاں تیسرے، سونے کے زیورات چوتھے اور کھانے پینے کی مختلف اشیا پانچویں نمبر پر ہیں‘۔
وزارت تجارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’سامان خریدنے سے قبل صارفین اپنے تین حقوق کا خیال رکھیں۔ یہ بات مدنظر رکھیں کہ رعایتی قیمتوں پر سامان فروخت کرنے والے تجارتی ادارے کے پاس وزارت کی جانب سے جاری کردہ لائسنس ہے یا نہیں‘۔
’وزارت نے پابندی لگائی ہے کہ اجازت نامہ تجارتی مرکز میں نمایاں جگہ پر چسپاں کیا جائے۔ یہ بھی بتایا جائے کہ رعایت کی شرح کیا ہے۔ رعایت سے قبل قیمت کتنی تھی اور رعایت کے بعد کس قیمت پر سامان فروخت کیا جارہا ہے۔ اس کا ٹیگ سامان پر لگایا جانا ضروری ہے‘۔
وزارت تجارت نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رعایتی سامان کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرلیں۔ اس سے انہیں پانچ فائدے حاصل ہوں گے۔ انہیں یقین سے معلوم ہو جائے گا کہ رعایت کا دعویٰ درست ہے یا نہیں۔ فرضی ہے یا حقیقی ہے۔ بارکوڈ کے ذریعے اس کا پتہ لگایا جاسکے گا۔
وزارت تجارت کے ترجمان نے نے مزید کہا کہ ’بار کوڈ کی مدد سے رعایتی پیشکش کا پتہ آسانی سے لگایا جا سکے گا۔ تمام معلومات ریکارڈ پر آ جائیں گی اور اگر ایسا نہ ہو تو یقین کر لیا جائے کہ رعایت کا دعویٰ فرضی ہے‘۔
ایپلی کیشن کا ایک فائدہ یہ ہوگا کہ ’بلاگ تجاری‘ ایپ کے ذریعے متعلقہ ادارے کے خلاف فوری شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔

You might also like